نیویارک میں تین روزہ ٹیکسٹائل نمائش شروع
نیویارک میں ٹیکس ورلڈ 2025 کی تین روزہ بین الاقوامی نمائش کا آغاز ہوگیا ہے ،جس میں مختلف ممالک کی ٹیکسٹائل مصنوعات نمائش کے لئے پیش کی گےگئی ہیں ۔یہ نمائش25 جولائی تک جاری رہے گی۔
نیوریارک میں ٹیکس ورلڈ 2025 بین الاقوامی نمائش میں چھ پاکستانی کمپنیوں سمیت مختلف ممالک کی کمپنیوں نے بوتھس لگائے ہیں. امریکا میں متعین پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ اور نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے پاکستانی بوتھس کا افتتاح کیا، پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ اس وقت تجارتی معاہدے کے لئے امریکا اور پاکستان کے درمیان بات چیت جاری ہے، اس لئے ہمارے ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کی یہاں موجودگی اہم ہے جس سے ہمیں مذاکرات میں مدد ملے گی ۔
پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ اور نیویارک کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے پاکستانی ٹیکسٹائل بوتھس کا دورہ کیا جہاں برآمد کنندگان نے انہیں بریفنگ دی ، اس موقع پر پاکستانی سفیر اور قونصل جنرل نے پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی تعریف کی اور ٹیکسٹائل کمپنیوں کے نمائندوں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
اس نمائش کو ریاستہائے متحدہ کے مشرقی ساحل کے معروف سورسنگ ایونٹ کے طور پر بیان کیا جاتا ہے، جہاں پر روایتی اور ہائبرڈ دونوں شکلوں میں سینکڑوں عالمی ٹیکسٹائل مینوفیکچررز اور سپلائرز کے ہزاروں فیبرکس اور ملبوسات کو پیش کیا جا تاہے۔