بروکلین: ڈرائی کلینر کی دکان بند، گاہک قیمتی اشیاء سے محروم
بروکلین(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے بروکلین میں واقع ایک ڈرائی کلیننگ کی دکان اچانک بند ہونے سے متعدد گاہک اپنی قیمتی اشیاء سے محروم ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق، ایکسپریس ڈرائی کلینرز دکان بروکلین کے علاقے ولیمزبرگ پر واقع بروڈوے اور وائتھ ایونیو کے قریب موجود تھی۔ ایکسپریس ڈرائی کلینرز کے باہر تالہ اور نوٹس آف ایوِکشن آویزاں ہونے کے بعد شہریوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ متاثرہ گاہکوں نے بتایا کہ وہ اپنے کمبل، قیمتی لباس اور یگر اشیا لینے دکان پر پہنچیے مگر دکان بند ملی۔ انہوں نے کئی بار رابطہ کرنے اور معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی مگر کوئی جواب نہیں ملا۔ اہل علاقہ کے مطابق دکان کے خلاف پہلے بھی شکایات موصول ہو چکی تھیں، جن میں ناقص سروس، گندے کپڑوں کی واپسی اور مرمت نہ ہونے جیسے مسائل شامل ہیں۔ بعض شہریوں نے پاس اوور کے موقع پر مذہبی لباس دھلوانے کے لیے جمع کروایا تھا جو اب واپس نہیں ملے۔ مالک مکان کا کہنا ہے کہ دکان نے چالیس ہزار ڈالر سے زائد کرایہ ادا نہیں کیا اور مسلسل جھوٹے وعدے کیے جس کے باعث اسے عدالت کے ذریعے دکان خالی کروانا پڑی۔ دکان بند ہونے کے بعد گاہکوں کو اپنی اشیاء کی واپسی کی امید معدوم ہوتی جا رہی ہے، کیونکہ زیادہ تر سامان بیرونی سروس کو دیا گیا تھا اور اب دکان خالی ہے۔ متاثرہ افراد نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور اگر ممکن ہو تو ان کا قیمتی سامان واپس دلایا جائے۔