میئر ایڈمز کا 24 پبلک سائٹس پر سستے رہائشی منصوبوں کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے شہر بھر میں 24 پبلک سائٹس پر سستے رہائشی منصوبوں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد کم آمدنی والے خاندانوں کو سستی اور محفوظ رہائش فراہم کرنا ہے۔
میئر ایڈمز نے اس اقدام کو 2024 کے اسٹیٹ آف دی سٹی ایڈریس میں کیے گئے اپنے وعدے کی تکمیل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف نیویارک کے رہائشی بحران کے حل میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ کمیونٹیز میں ترقی کے نئے مواقع بھی فراہم کریں گے۔ ایڈمز نے مزید کہا کہ یہ منصوبے نیویارک کی عوام کے لیے ایک نئی امید ہیں، جو کم آمدنی والے خاندانوں کو باوقار اور محفوظ رہائش فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی خدمات کے نظام کو بھی مضبوط کریں گے۔میئر نے شہر کی ٹیم، تعمیراتی شراکت داروں، اور مقامی رہائشیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماعی کوشش نیویارک کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے اہم ثابت ہوگی۔یہ اقدام نیویارک میں جاری سستی رہائش کے بحران کو کم کرنے اور شہر کے کمزور طبقے کے لیے زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ توقع ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نیویارک میں رہائشی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔