
تنظیم حلقہ فکر وفن کی شام دسمبر کے عنوان سے ادبی نشست
ریاض(نمائندہ خصوصی)سعودی عرب میں ادبی تنظیم حلقہ فکر وفن نے شام دسمبر کے عنوان سے ادبی نشست کا اہتمام کیا جس میں شعراء کرام نے اشعار کے ذریعے محفل کی رونق کو چار چاند لگادئیے ۔سعودی دارالحکومت ریاض میں حلقہ فکروفن کی جانب سے منعقدہ شام دسمبر ادبی نشست کی صدارت نامور شاعر اور ادیب ڈاکٹر ریاض چوہدری نے کی۔ اس موقعہ پر معروف شعراء کرام طیب رضا کاظمی ، کامران حسانی، ظواق ذکی، قلب عباس،سجاد علی چوہدری، اور دیگر نے اپنا شعری کلام سنا کر شرکاء سے خوب داد سمیٹی۔ چیرمین حلقہ فکروفن ڈاکٹر ریاض چوہدری نے جہاں اپنا کلام سنایا وہیں اس عزم کا اظہار کیا کہ عالمی حلقہ فکروفن ادب کے فروغ کے لیے 43 سالوں سے کام کر رہی ہے اور یہی سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا ۔تنظیم کے وائس چیرمین عدنان اقبال بٹ، مخدوم امین تاجر، الیاس رحیم، ڈاکٹر محمود احمد باجوہ اور دیگر نے شام دسمبر کو سراہا اور نئے سال کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اہتمام پر شرکاء میں پہچان پاکستان سرٹیفکیٹ اور شیلڈ بھی تقسیم کی گئیں۔