روس سے رہائی پانے والے قیدیوں کی امریکی سرزمین پر واپسی
واشنگٹن(ویب ڈیسک) سابق امریکی میرین پال وہیلن، وال سٹریٹ جرنل کے رپورٹر ایون گرشکووچ اور روسی نژاد امریکی صحافی السو کرماشیوا امریکی سرزمین واپس آ گئے ہیں۔جہاز سے اترتے ہی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس نے تینوں کو خوش آمدید کہا۔تینوں شہریوں کی امریکہ کی روس کے ساتھ ہونے والے قیدیوں کے تبادلے پر معاہدے کے نتیجے میں ہوئی ہے۔وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ سرد جنگ کے بعد اپنی نوعیت کا سب سے بڑا معاہدہ تھا جس میں امریکی صدر بائیڈن براہ راست شامل ہیں۔صدر بائیڈن نے تینوں شہریوں کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان میں سے کچھ خواتین اور مردوں کو سالوں سے غیر منصفانہ طور پر قید رکھا گیا ہے۔ سب نے ناقابل تصور تکالیف اور غیر یقینی صورتحال کو برداشت کیا ہے۔ آج ان کی اذیت ختم ہو گئی ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ یہ معاہدہ سفارت کاری اور دوستی کا کارنامہ ہے۔یہ معاہدہ ہمارے اتحادیوں کے بغیر ممکن نہ ہوتا۔ جرمنی، پولینڈ، سلووینیا، ناروے اور ترکی نے قدم بڑھایا اور وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے اور کھڑے رہے۔ انہوں نے دلیرانہ فیصلے کیے جس کی بدولت قیدیوں کو رہا ئی ملی۔