دہشت گرد نور ولی محسود،احمد حسین کی لیک کال کے بعد مقدمہ درج
اسلام آباد:خارجی دہشت گرد نور ولی محسود اور احمد حسین عرف غٹ حاجی کی لیک خفیہ کال کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا۔ دونوں دہشت گردوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے،غٹ حاجی کی پاکستان میں دہشت گردی کی ہدایات پر مبنی آڈیو کال گذشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔خارجی دہشت گرد نور ولی محسود اور احمد حسین عرف غٹ حاجی کے خلاف قانونی گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا دونوں دہشت گردوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی ضلع شمالی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں انسدادِ دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ۔حال ہی میں دہشت گرد نور ولی محسود اور احمد حسین عرف غٹ حاجی کی خفیہ ٹیلی فونک کال منظر عام پر آئی تھی جس میں خارجی نور ولی محسود، غٹ حاجی کو پاکستان میں سرکاری املاک خاص کر اسکول اور ہسپتالوں کو نشانہ بنانے کی ہدایات دے رہا تھا۔ اس کال کے تناظر میں خوارج دہشت گردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کِری شموزئی کے دیہی ہیلتھ سنٹر، میر علی میں گرلز اسکول اور ٹانک میں ضعیف استاد کی ٹارگٹ کلنگ کی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ کال کا فارنزک ٹیسٹ کروایا جس کے مثبت ثابت ہونے کے بعد مقدمات درج کئے گئے۔