کینیڈااسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہےجسٹن ٹروڈو
کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا ہے، اسلامک سینٹر آف کیمبرج میں توڑ پھوڑ اور مسجد کی دیوار پر نفرت انگیز ڈرائنگ بنائی گئی۔واٹر لو ریجنل پولیس کا کہنا ہے کہ کسی نے اسلامک سینٹر آف کیمبرج کی دیوار پر نفرت انگیز نقوش بنائے تھے، جس کی اطلاع انہیں دی گئی اور اسلامک سینٹر بلایا گیا۔پولیس حکام کے مطابق گرافٹی میں نفرت انگیز علامتیں شامل تھیں، پولیس کا خیال ہے کہ یہ واقعہ اتوار کی رات 8 بجے کے بعد کسی وقت پیش آیا ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعے کی شدید مذمت کی، اور اس سلسلے میں انھوں نے ایکس پر ایک پوسٹ بھی کی۔پوسٹ میں جسٹن ٹروڈو نے لکھا کہ اسلامک سینٹر آف کیمبرج میں توڑ پھوڑ اور ملک بھر میں اسلاموفوبیا میں اضافہ تشویش ناک، گھناؤنا اور ناقابل قبول ہے۔ انھوں نے کہا میں ایسی نفرت کے خلاف مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑا ہوں، ہمیں مل کر اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنا ہوگا۔