گوگل نے پاکستان میں انتخابی سرچ ٹرینڈ کا صفحہ جاری کردیا
پاکستان میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے پیش نظر گوگل نے ”گوگل ٹرینڈز پاکستان جنرل الیکشن‘‘ صفحہ متعارف کروادیا۔پاکستان میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے باعث پاکستانیوں کی بڑی تعداد سیاسی جماعتوں اور اُن کے نامزد امیدواروں سمیت دیگر متعلقہ موضوعات کے بارے میں آن لائن معلومات تلاش کررہے ہیں تاکہ انہیں انتخابی عمل میں مدد حاصل ہو سکے۔ذرائع ابلاغ اور عوام کو اس ڈیٹا تک آسان رسائی کی غرض سے گوگل نے ’گوگل ٹرینڈز پاکستان جنرل الیکشن (Google Trends Pakistan General Election)‘ کے نام سے ایک صفحہ متعارف کرایا ہے جو انتخابات میں حصہ لینے والی جماعتوں کے بارے میں سوالات، موضوعات اور دلچسپیوں کے حوالے سے معلومات کو پیش کرتا ہے۔اس صفحے پر ملک کے ہر حصے میں، انتخابات کے حوالے سے تلاش کیے جانے والے ٹاپ موضوعات مثلاً معیشت، ٹیکس اور اجرتوں کے بارے میں اعداد و شمار شامل ہیں۔گوگل ٹرینڈز پیچ کے تمام چارٹس کو کسی بھی ویب سائٹ پر شامل کیا جا سکتا ہے جہاں یہ خود بخود اپ ڈیٹ بھی ہوتے رہیں گے۔ گوگل ٹرینڈز کی جانب سے پاکستان میں متعارف کردہ یہ صفحہ عام انتخابات کے حوالے سے کسی قسم کا سروے نہیں ہے اور نہ ہی ووٹنگ کے بارے میں رجحانات کو ظاہر کرتا ہے بلکہ یہ صفحہ محض وقت گزرنے کے ساتھ مقامی سطح پر مخصوص موضوعات کے بارے میں لوگوں کی دلچسپی اور تلاش کو ظاہر کرتا ہے۔