vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک، غزہ میں جنگ بندی کیلئے شہریوں کے مظاہرے

0

فلسطین کے حامی احتجاجی مظاہرین نے غزہ میں جنگ بندی اور قتل عام بند کرنے کے نعروں کے ساتھ اس وقت نیو یارک میں سڑکوں اور زیر زمین راستوں کو بند کر دیا جب امریکی وزیر خارجہ مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں اور غزہ کی جنگ کو غزہ سے باہر تک پھیلنے سے روکنے کیلئے علاقے کے قائدین سے اہم ملاقاتیں کر رہے ہیں۔مظاہرین نیویارک کی سڑکوں پر نکلے اورتین ماہ سے جاری اسرائیل حماس جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ درجنوں مظاہرین سڑک پر بیٹھ گئے اور نعرے لگاتے رہے، ان مظاہرین کی وجہ سے بروک لین، مین ہٹن ، اور ولیمزبرگ پل تک ٹریفک جام رہی۔اسی طرح غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے کیے گئے اس مظاہرے کی وجہ سے ہالینڈ سرنگ بھی بند کر دی گئی۔ یہ سرنگ نیویارک سٹی اور نیو جرسی کو باہم ملاتی ہے۔نیو یارک کی پورٹ اتھارٹی نے اپنی ویب سائٹ پر عوام کو بتایا کہ نیو جرسی کے لیے راستوں کو پولیس سے متعلق سرگرمیوں کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے یہ پورٹ اتھارٹی ہالینڈ سرنگ کا کنٹرول رکھتی ہے اور اس کی ٹریفک کے نظام کو بھی دیکھتی ہے۔ نیو یارک پولیس نے مظاہرین کو بروک لین پل، مین ہٹن کے داخلی راستوں پر گرفتار بھی کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے تین ماہ کے دوران اپنے چوتھے دورے پر ہیں اور ان کی مشرق وسطیٰ میں موجودگی کے باوجود اسرائیل نے غزہ میں بمباری کا سلسلہ شدت کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے۔ اب تک صرف غزہ میں 23000 سے زیادہ فلسطینی تین ماہ کے دوران مارے  گئے ہیں،مرنے والوں  میں بچوں اور عورتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.