قونصلر طلعت محمودسبکدوش،پاکستان اوورسیز فورم کا الوداعی عشائیہ
پاکستان قونصلیٹ نیویارک میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ بورڈ کے قونصلر طلعت محمود عہدے کی مدت مکمل ہونے کے بعد اپنی زمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔ان کی خدمات کے اعتراف میں پاکستان اوورسیز فورم نے الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا۔تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے سیاسی، سماجی اور کاروباری افراد کے ساتھ نمایاں شخصیات بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلا م پاک سے کیا گیا۔ جس کے بعد فورم کے وائس چیئرمین نے دیوان غلام مصطفیٰ نے نظامت کے فرائض سنبھالے اور کمیونٹی سے مہمانوں کا تعارف کروایااور اپنی تنظیم کی کارکردگی سے متعلق آگاہ بھی کیا۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی طلعت محمود گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں پہلی بار امریکا آیا ہوں یہاں آنے پر بے پناہ اپنائیت ملی،ہم نے بھرپور کوشش کی کہ دو طرفہ تجارت کو بڑھایا جائے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل خانے میں کمیونٹی اتاشی عثمان گورایہ کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کا اتحاد بہترین مثال ہے اور یہ اتحاد قائم رہنا چائیے۔فورم کے چیئرمین شاہدرضارانجھا کاکہنا تھا کہ طلعت محمود پاکستان کا فخر ہیں۔کمیونٹی اتحاد کی بدولت ہی ترقی کرسکتی ہے،ہم نے کوشش کی ہے کہ کمیونٹی کے مستحق افراد کو مالی طور پر خود کفیل بنائیں۔اس موقع پر وائس چیئرمین دیوان غلام مصطفیٰ نے کہا کہ طلعت محمود نے جس طرح اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت کی اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ تقریب میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں مسلم آفیسر سوسائٹی کے صدر کمانڈنگ آفیسر عدیل رانا اور کمانڈنگ آفیسر وحید اختر بھی شریک تھے۔شرکاء سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اوورسیز فورم کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،کمیونٹی کو اسی طرح ایک دوسرے کا ساتھ دیتے رہنا چاہیے۔تقریب میں شریک کمیونٹی کی دیگر شخصیات نے پاکستان اوور سیز فورم کی ہم وطنوں کی خدمات کو بھرپور سراہا،اس موقع پر کمیونٹی نے طلعت محمود گوندل کے سامنے اپنے کچھ مطالبات بھی پیش کیے۔مقررین کا مزید کہنا تھا کہ کمیونٹی اگر اسی طرح ایک دوسرے کا ساتھ مل کر کام کرے تو بہت سارے مسائل باآسانی حل ہوسکتے ہیں۔آخر میں پاکستان اوور سیز فورم نے اپنے مہمان خصوصی طلعت محمو دگوندل، قونصلیٹ کے دیگر ارکان اور کمیونٹی نمایاں شخصیات کو اپنی تنظیم کی طرف سے اعزازی شیلڈ پیش کیں۔