پاکستان میں جلد بڑی سرمایہ کاری شروع کررہے ہیں،بخیت عتیق الرومیتی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے اعلان کیا ہے کہ یو اے ای پاکستان میں 20 سے 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا اور آئندہ 10 دنوں میں بڑی سرمایہ کاری شروع ہو جائے گی۔پاکستان چاہے تو ہم سی پیک میں بھی اشتراک کیلئے تیار ہیں۔کراچی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اماراتی قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ یو اے ای نےپاکستان سے زراعت، صحت، تعلیم ، بینکاری اور پورٹ سمیت دیگر شعبوں میں 25 ارب ڈالرتک کےسرمایہ کاری معاہدہ کیےہیں۔اس کے علاوہ نجی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھی پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ آئندہ سال پاکستان کیلئے بہت روشن ثابت ہوگا۔ امید ہے نئے سال میں پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، پاکستان کو نئے روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا۔ کراچی کوبرآمدات کاحب اورفری ٹریڈزون بنایاجائےگا اور کراچی سےوسط ایشیاکےممالک کوبرآمدات کی جائیں گی۔ ایشیا میں سب سے زیادہ کراچی کےویزہ سینٹر سے ویزہ جاری کیےجارہےہیں، پورٹ قاسم پر فری زون بنایا جارہا ہے۔پاکستان میں کئی اچھی چیزیں ہیں اسے دکھانا ہے، پاکستانی ذہین قوم ہیں لیکن ان کو مواقع دینے کی ضرورت ہے۔