نیویارک اور پنجاب کے درمیان  سسٹر اسٹیٹ کے تعلقات کے قیام پر گفت و شنید

لاہور:ریاست نیویارک کے قانون سازوں کے وفد اور اے پی پیک نے قائم مقام گورنر پنجاب سے ملاقات کی ۔ وفد نے نیویارک اور پنجاب کو سسٹر اسٹیٹ بنانے سے متعلق  قرار داد کے فوائد پر تبادلہ خیال کیا۔نیویارک اسٹیٹ  اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی سربراہی میں قانون سازوں کے وفد نے پنجاب  اسمبلی کے اسپیکر اور قائم  مقام گورنر ملک محمد احمد خان  سے ملاقات کی،اس ملاقات کا اہتمام  اے پی پیک  نے کیا تاکہ نیویارک اور پنجاب کے درمیان سسٹر اسٹیٹ کے تعلقات کے قیام پر گفت و شنید ہوسکے۔ڈپٹی اسپیکر فل راموس نے سسٹر اسٹیٹ کی قرار داد کے  فوائد پر روشنی ڈالی،ساتھ ہی ساتھ مقامی سطح پر تعلیم، صحت ، تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خان  نے وفد کو  قرار داد منظور کیے جانے کی یقین دہانی کروائی۔وفود نے پنجاب اور نیویارک کے درمیان مجوزہ  شعبوں میں تعاون کو یقینی بنانے کے لیے مفاہمتی یاداشت  کے طور پر دیرتک مصافحہ کیا۔اس یاداشت کے ذریعے  پنجاب اور نیویارک اسٹیٹ  دونوں کو تعلیم، صحت اور تجارت کا فروغ  حاصل ہوگا۔ اسپیکر  پنجاب  اسمبلی نے تجویز دی کہ دونوں  وفود کو دورے کے اختتام سے  قبل آئینی و قانونی تقاضوں کے لیے دستاویزات  مکمل کرلی جائیں  تاکہ  عوام کو ا س قراد داد کے ثمرات  منتقل ہوسکیں۔اے پی پیک کے صدر امتیاز راہی کا کہنا تھا کہ  پنجاب اور نیویارک  کے درمیان سسٹر اسٹیٹ کا تعلق  قائم ہونے سے ترقی کا نیا سفر شروع ہوگا، ہم اس کے مثبت اثرات دیکھنے کے منتظر ہیں۔اس موقع پر چیئر مین اے پی پیک ڈاکٹر اعجاز احمد نے  سسٹر اسٹیٹ کی قرار داد کو اہم سنگِ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دو طرفہ  فوائد پر نتائج کے لیے بہت پُر امید ہیں اور تعاون کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔

Comments (0)
Add Comment