امریکہ سمیت دنیا بھر میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات

دنیا کے مختلف ممالک کی طرح امریکہ میں بھی عید الفطر منائی جارہی ہے،امریکہ کی مختلف مساجد میں نماز عید ادا کی گئی،بروکلین کے علاقے میں قائم مکی مسجد میں بھی نماز عید کا روح پرور اجتماع ہوا۔ نماز عید میں پاکستانی و دیگر کمیونٹی کے کثیر افراد شریک ہوئے ، نماز عید میں  بزرگوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے بہت توجہ سے عید کا خطبہ سماعت کیا ،خطبہ عید میں نمازیوں کو تلقین کی گئی  کہ رمضان المبارک کی طرح عید الفطر بھی شرعی احکامات کی روشنی میں  منانی چاہیئے۔عید کے موقع پر اپنے عزیز و اقارب کو  ضرور یاد رکھیں اور صلح رحمی کو کبھی ترک نہ کریں ۔بعد ازاں دعا بھی کی گئی۔نماز عید کے موقع پراصغر چشتی نے نعتیہ کلام بھی پڑھا۔نیو یارک  کے دیگر مختلف علاقوں میں قائم مساجد میں بھی نماز عید ادا کی گئی ، نماز کے بعد مسلمان ایک دوسرے سے گلے ملے ، مصافحہ کیا  اور ایک دوسرے  کو عید کی مبارکباد بھی دی ۔علاوہ ازیں برطانیہ، پاکستان، سعودی عرب، یو اے ای، افغانستان، ملائیشیا، قطر اور یورپی ممالک سمیت دنیا بھر میں امت مسلمہ آج عید الفطر منا رہی ہے۔سعودی عرب میں عید الفطر کے موقع پر مسجد الحرام اور حرم مدنی میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ حرمین شریفین میں سعودی شہریوں کے علاوہ مملکت میں مقیم غیر ملکیوں اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے زائرین و معتمرین گزشتہ شب ہی سے پہنچنا شروع ہو گئے تھے، جہاں انہوں عید الفطر کی نماز ادا کی۔حرمین شریفین میں عید الفطر کی نماز کے بعد امت مسلمہ کے لیے خیر و برکت، سلامتی اور فلسطین سمیت دیگر مظلوم مسلمانوں کے لیے دعائیں کی گئیں۔ کینیڈا، آسٹریلیا، برطانیہ و امریکا سمیت یورپی ممالک میں بھی آج عید الفطر منائی جا رہی ہے۔ بنگلادیش میں شوال المکرم کا چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے عید الفطر جمعرات کو منانے کا اعلان کیا گیا تھا جب کہ بھارت میں بھی چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے ریاست کیرالہ کے سوا دیگر ریاستوں میں عید منانے کا اعلان کیا گیاہے۔

Comments (0)
Add Comment