نیویارک: بارش اور تیز ہواوں میں جشنِ عید میلاد النبیﷺْ کا جلوس، فضائیں درود سلام سے معطر ہوگئیں


تین سال قبل چرچ خرید کر اسے مسجد بیت الکرم میں تبدیل کیا۔

بارہ ربیع الاول کی آمد آمد ہے اور ہر طرف میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم منایا جارہا ہے ۔ نیویارک کے علاقے بروکلین میں واقع مسجد بیت الکرم میں دوسرا سالانہ میلاد النبی منعقد کیا گیا جس کا آغاز تلاوت کلام پاک پاک سے کیا گیا۔بعد ازاں نعت خوانوں نے بارگاہِ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ میلاد مصطفی میں لوگوں کی کثیر تعداد شریک تھی، اس موقع پر شرکاء کے لیے ناشتے کا اہتمام کیا گیا۔

اس مسجد کا قیام چند سال قبل عمل میں آیا اس سے پہلے یہ اس جگہ پر چرچ قائم تھا۔ ناشتے کے بعد سالانہ جلوس مسجد کے سرپرست میر حسین شاہ اور دیگر علماء کرام کی قیادت میں برآمد ہوا۔ تیز بارش اور یخ بستہ ہواؤں کے باوجود بھی عاشقان رسول نے جلوس کو منظم انداز میں رواں دواں رکھا۔ اس موقع پر فضائیں نعرہ تکبیر اور درود و سلام سے مہکتی رہیں۔ جلوس کے دوران پیر سید شہزاد مصطفیٰ حسینی اور علامہ سیف النبی نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یہ پروردگارِ عالم کا ہم پر خاص کرم ہے کہ اس نے ہمارے قلوب و اذہان کو تعلیماتِ قرآن اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے منور فرمایا۔

جلوس کے شرکاء ہاتھوں میں سبز پرچم اٹھائے اور سلام پڑھتے اپنی منزل کی جانب گامزن رہے۔اس موقع پر قاری غلام رسول اور حافظ محمد طاہر سعید نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پروردگار عالم نے سب سے پہلے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کا نور خلق کیا اور ان کے نور سے کائنات کی تخلیق کی۔

بارش بھی شرکا جلوس کے جوش وجذبے کو کم نہ کرسکی۔ میلاد النبی کا جلوس بیتھ ایونیو کی مختلف اسٹریٹس سے ہوتا ہوا واپس مسجد بیت الکرم پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر جلوس کے بانی اور مسجد بیت الکرم کے روح رواں میر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارا عمل اللہ ک رضا، قرب الٰہی اور سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا اظہار ہے۔ بعد ازاں مسجد میں ظہر کی آذان دی گئی اور شرکاء نے باجماعت نماز ادا کی۔

Comments (0)
Add Comment