شکاگو میں اتحاد، محبت اورشکرگزاری کی شام، 200 سے زائد افراد شریک
شکاگو (نیوزڈیسک)شکاگو میں بین المذاہب ہم آہنگی اور ثقافتی اتحاد کا شاندار مظاہرہ، نیاگرا فاؤنڈیشن کے سالانہ تھینکس گیونگ ڈنر میں 200 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ مذہبی رہنماؤں، عوامی نمائندوں اور مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد نے شکرگزاری، دوستی اور باہمی احترام کا پیغام دیا۔
امریکی ریاست الینوائے کے شہر شکاگو میں نیاگرا فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سالانہ بین المذاہب تھینکس گیونگ ڈنر کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوامی عہدیداروں، مختلف مذاہب کے رہنماؤں، کمیونٹی نمائندوں اور رضاکاروں نے شرکت کی۔ ترکش امریکن سوسائٹی آف شکاگو میں منعقد ہونے والی اس تقریب کا مقصد مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے مکالمے، باہمی احترام، دوستی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
نیاگرا فاؤنڈیشن شکاگو میں قائم ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے جو مختلف مذہبی اور ثقافتی کمیونٹیز کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔تقریب کا آغاز میزبان لیلا اوزبی کی نظامت سے ہوا، جنہوں نے کمیونٹیز کے درمیان فاصلے کم کرنے اور مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کو قریب لانے کے لیے فاؤنڈیشن کی کوششوں کو اجاگر کیا۔نیاگرا فاؤنڈیشن کے صدر مصطفیٰ تہران نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے تقریب کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور باہمی تعاون، احترام اور اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب کی مہمان خصوصی ریاست الینوائے کی نمائندہ مشیل مسمین تھیں، جنہوں نے بین المذاہب کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کی اہمیت کا اظہار کیا۔اس موقع پر شکاگو کے معروف مذہبی اور بین المذاہب رہنما ربی سٹیو ہارٹ کا تعارف بھی پیش کیا گیا۔ انہوں نے شکرگزاری، اتحاد اور کمیونٹی کی بہتری کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب کے کلیدی مقرر شینن میک کرے تھے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف کمیونٹیز کے افراد کا ایک جگہ جمع ہونا ہی کافی نہیں بلکہ حقیقی کامیابی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب وہ ایک دوسرے کو سمجھنے، بامعنی تعلقات قائم کرنے اور مشترکہ ذمہ داریاں نبھانے کے لیے آگے بڑھیں۔
تقریب میں ثقافتی روایات اور فنون کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی۔ مہمان مقررین کو ترکی کے روایتی ازنک سیرامکس بطور تحفہ پیش کیے گئے، جو ترکی کے ثقافتی ورثے اور مہمان نوازی کی علامت ہیں۔شام کے پروگرام میں ایک خوبصورت ترکی شو نے حاضرین کی توجہ حاصل کی، جس کے بعد چار مختلف اسٹیشنوں پر اجتماعی عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جہاں شرکاء کو ایک دوسرے سے تبادلہ خیال اور روابط بڑھانے کا موقع ملا۔عشائیے کے دوران مہمانوں نے "Voices of Gratitude” منصوبے کے لیے اپنے مختصر تاثرات بھی ریکارڈ کروائے۔ ان تاثرات پر مشتمل ایک خصوصی ویڈیو تقریب کے اختتام کے قریب دکھائی گئی، جس میں شکرگزاری اور باہمی تعلق کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
شرکاء نے رضاکاروں بشریٰ اور برمت کی خوبصورت کوموز پرفارمنس سے بھی لطف اٹھایا۔ اس موقع پر ایمبریس ریلیف مڈویسٹ کے ڈائریکٹر الشاد عبدلائیف نے تنظیم کے انسانی ہمدردی پر مبنی مشن اور سماجی خدمات کے حوالے سے گفتگو کی۔تقریب کے اختتام پر نیاگرا فاؤنڈیشن کے رضاکاروں، میزبان ادارے ترکش امریکن سوسائٹی آف شکاگو اور عشائیے کے انتظامات کرنے والے ادارے تھاؤزنڈ ٹیلز کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔
یہ اجتماع اس پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ مختلف مذاہب، ثقافتوں اور معاشرتی پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان مکالمہ، شکرگزاری اور باہمی احترام ایک مضبوط، پرامن اور متحد معاشرے کی بنیاد ہیں۔