vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں کرایہ داروں سے ناانصافی مہنگی پڑے گی، بروکرز کے لائسنس خطرے میں

0

نیویارک (نیوزڈیسک)کرایہ داروں کے ساتھ امتیازی سلوک کرنے والے رئیل اسٹیٹ بروکرز کی شامت آگئی، بار بار شکایات سامنے آنے پر اب ان کے لائسنس معطل یا منسوخ ہوسکتے ہیں۔ میئر زوہران ممدانی نے بروکرز کے خلاف کارروائی کا نیا طریقہ کار متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی اور کمیشن برائے انسانی حقوق نے اعلان کیا ہے کہ بار بار امتیازی سلوک کے مرتکب لائسنس یافتہ رئیل اسٹیٹ بروکرز کے خلاف انفرادی سطح پر کارروائی کی جائے گی۔نئے طریقہ کار کے تحت کمیشن ایسے بروکرز کے کیسز نیویارک اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف اسٹیٹ کو بھیجے گا، جو رئیل اسٹیٹ بروکرز کے لائسنس کی نگرانی کرتا ہے۔

متعلقہ محکمہ شکایات کا جائزہ لینے کے بعد لائسنس معطل یا منسوخ کرنے سمیت دیگر تادیبی کارروائی کا فیصلہ کرسکتا ہے۔شہر کے حکام کے مطابق اس سے پہلے بعض بروکرز ایک کمپنی چھوڑ کر دوسری کمپنی میں ملازمت اختیار کرکے کارروائی سے بچ جاتے تھے، جبکہ مالی جرمانے بھی بار بار ہونے والی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے کافی ثابت نہیں ہوئے۔کمیشن برائے انسانی حقوق کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں میں آمدنی کے ذریعے کی بنیاد پر امتیازی سلوک سے متعلق 1500 سے زائد رئیل اسٹیٹ بروکرز اور کمپنیوں کے نام شکایات میں سامنے آئے۔ان میں کم از کم 264 بروکرز کے خلاف ایک سے زیادہ مرتبہ شکایات موصول ہوئیں، جبکہ ان کے حوالے سے مجموعی طور پر 826 رپورٹس درج کی گئیں۔

مالی سال 2026 کے دوران کمیشن نے اس نوعیت کے امتیازی سلوک کی نشاندہی کے لیے 272 ٹیسٹ کیے، 152 ابتدائی مداخلتیں کیں اور 54 باقاعدہ شکایات درج کیں۔میئر زوہران ممدانی کا کہنا ہے کہ کرایے کے واؤچرز یا سرکاری رہائشی امداد استعمال کرنے والے افراد کو صرف اسی وجہ سے اپارٹمنٹ دینے سے انکار کرنا غیر قانونی امتیازی سلوک ہے۔ان کے مطابق نئے طریقہ کار کے ذریعے ایسے بروکرز کو جواب دہ بنایا جائے گا جو کمپنی تبدیل کرکے اپنی سابقہ خلاف ورزیوں کے نتائج سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.