امریکا میں خسرے کے کیسز تیزی سے بڑھنے کے باعث ملک کے خسرے سے پاک ملک کا درجہ کھونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، اور ماہرین کے مطابق پین امریکن ہیلتھ آرگنائزیشن کے کمیشن کے اس ہفتے کے اجلاس میں اس کا باقاعدہ فیصلہ متوقع ہے۔
آٹھ ماہرین پر مشتمل اس آزاد کمیشن میں امریکی براعظموں کے ممالک کے وبائی امراض اور ویکسین کے ماہرین شامل ہیں۔ اگر امریکا یہ درجہ کھو دیتا ہے تو وہ کینیڈا کے بعد خطے کا دوسرا ملک ہو گا جو خسرے پر قابو برقرار نہیں رکھ سکا۔ سال 2000 میں پورے ملک میں خسرے کے صرف 100 کے قریب تصدیق شدہ کیسز تھے، جبکہ اس سال اب تک 5 ہزار سے زائد کیسز اور 43 نئی وباؤں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ خسرے سے 8 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں ویکسین کی عمر سے کم 4 شیر خوار بچے بھی شامل ہیں۔ این بی سی نیوز اور اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے تجزیے کے مطابق بچوں کی ویکسینیشن کی شرح میں خطرناک کمی آئی ہے۔ پنسلوانیا کی لنکاسٹر کاؤنٹی میں 2025-26 میں ایم ایم آر ویکسین لگوانے والے کنڈرگارٹن کے بچوں کی شرح 87.6 فیصد رہی، جو وبا سے پہلے 95.5 فیصد تھی۔ خسرے کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 95 فیصد ویکسینیشن ضروری ہے۔ رپورٹ کے مطابق بچوں کی ویکسین کے خطرات سے متعلق دہائیوں پرانے غیر سائنسی دعوؤں اور وبا کے دوران پھیلنے والی غلط معلومات نے ملک کی قوتِ مدافعت کو کمزور کیا۔