نیویارک کی وفاقی جیوری نے 55 سالہ خاتون زو فینگ چینگ کو غیرلائسنس یافتہ چیک کیشنگ سروس فراہم کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کردی، جس پر انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق چینگ نیویارک میں ایک کنوینینس اسٹور کی مالکہ تھیں، جہاں سے وہ کم از کم تین افراد، بشمول ایک سوشل ایڈلٹ ڈے کیئر سینٹر کے مالک اور ایک خفیہ ایجنٹ کو غیرقانونی چیک کیشنگ سروس فراہم کرتی رہیں۔ استغاثہ کے مطابق چینگ چیکس کو مختلف کمپنیوں کے کاروباری بینک اکاؤنٹس میں جمع کرواتیں اور 2 سے 3 فیصد فیس پر اپنے صارفین کو نقد رقم دیتیں۔ حکام کے مطابق چینگ نے خفیہ ایجنٹ کو ہدایت دی تھی کہ یہ کام طویل مدتی منصوبہ بندی سے کیا جائے کیونکہ "یہ بہت خطرناک ہے۔” مارچ 2025 سے جولائی 2026 کے دوران چینگ نے اپنے صارفین کو 11 لاکھ ڈالر سے زائد نقد رقم فراہم کی، جبکہ تحقیقات کے دوران حکام نے تقریباً 8 لاکھ 75 ہزار ڈالر ضبط کرلیے۔ چینگ پر غیرلائسنس یافتہ منی ٹرانسمیٹنگ کاروبار چلانے کی سازش کا الزام عائد کیا گیا ہے، جس پر انہیں زیادہ سے زیادہ 5 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔