نیویارک کے150سب وےاسٹیشنزپرجدید فیئرگیٹس لگانےکا منصوبہ
نیویارک (نیوزڈیسک)سب وے میں بغیر کرایہ سفر کرنے والوں کی روک تھام کے لیے بڑا منصوبہ شروع کردیا گیا ہے۔ میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی شہر کے 150 مصروف ترین اسٹیشنز پر جدید خودکار فیئر گیٹس نصب کرے گی، جس پر 1.1 بلین ڈالر لاگت آئے گی۔
نیویارک میں سب وے کا سفر کرنے والوں کے لیے اسٹیشنز کا نظام تبدیل ہونے جا رہا ہے۔ایم ٹی اے کے مطابق شہر کے 150 مصروف ترین سب وے اسٹیشنز پر جدید فیئر گیٹس لگائے جائیں گے، جن کا مقصد بغیر کرایہ ادا کیے سب وے میں داخل ہونے کے واقعات کو کم کرنا ہے۔
ان گیٹس کی گزشتہ ایک سال کے دوران 20 اسٹیشنز پر آزمائش کی گئی۔نئے گیٹس روایتی گھومنے والے ٹرن اسٹائل سے مختلف ہوں گے۔ ان میں سرکنے والے دروازے ہوں گے، جنہیں پھلانگ کر یا نیچے سے گزر کر اندر داخل ہونا زیادہ مشکل ہوگا۔ایم ٹی اے کے مطابق جہاں یہ نئے گیٹس نصب کیے گئے، وہاں بغیر کرایہ سفر کرنے کے واقعات میں مجموعی طور پر 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل کے مطابق اس منصوبے سے ہر سال تقریباً 100 ملین ڈالر کی بچت متوقع ہے، جو کرایہ ادا نہ کیے جانے کی وجہ سے ضائع ہوجاتے ہیں۔ایم ٹی اے رواں سال کے اختتام تک مزید 20 اسٹیشنز پر نئے گیٹس نصب کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ 2027 میں مزید 30 اسٹیشنز کو اس نظام میں شامل کیا جائے گا۔حکام کے مطابق اس پورے منصوبے پر 1.1 بلین ڈالر لاگت آئے گی، جو ایم ٹی اے کے پانچ سالہ تعمیراتی منصوبے کے تحت فراہم کی جائے گی۔
نیویارک کے سب وے مسافروں کو آنے والے عرصے میں کئی بڑے اسٹیشنز پر روایتی ٹرن اسٹائل کے بجائے نئے خودکار گیٹس نظر آئیں گے، جبکہ ایم ٹی اے کو امید ہے کہ اس سے بغیر کرایہ سفر کرنے کے واقعات اور مالی نقصان دونوں میں کمی آئے گی۔