vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں اکتوبر سے کرائے فریز، فوڈ اسٹیمپ سمیت نئے قوانین نافذ

0

 نیویارک شہر میں یکم اکتوبر سے کرائے کے فریز ہونے، سبسکرپشن منسوخی کے نئے قانون اور فوڈ اسٹیمپ میں تبدیلیوں سمیت کئی نئے قوانین نافذ العمل ہوگئے ہیں۔

 حکام کے مطابق رینٹ سٹیبلائزڈ 10 لاکھ سے زائد اپارٹمنٹس کا کرایہ فریز کرنے کا تاریخی فیصلہ یکم اکتوبر سے نافذ ہوگیا ہے، جو 30 ستمبر کے بعد دستخط ہونے والے ایک اور دو سالہ لیز پر لاگو ہوگا۔ کئی مالکان نے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا، تاہم جج نے کیس جاری رہنے کے باوجود کرایہ فریز کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کی اجازت دے دی۔ اسی روز "کلک ٹو کینسل” قانون بھی نافذ ہوگیا، جس کے تحت کمپنیوں کو سبسکرپشن منسوخی آسان بنانا ہوگی، ورنہ ہر خلاف ورزی پر کم از کم 525 ڈالر جرمانہ عائد ہوگا۔ میئر ممدانی نے کہا کہ اگر کوئی کمپنی ایک کلک میں رقم لے سکتی ہے تو صارف کو بھی ایک کلک میں منسوخی کا حق ملنا چاہیے۔ فوڈ اسٹیمپ پروگرام میں بھی تبدیلیاں یکم اکتوبر سے شروع ہوگئیں، جس کے تحت زیادہ تر خاندانوں کو ماہانہ رقم میں معمولی اضافہ ملے گا، تاہم آئندہ مہینوں میں اہلیت کی شرائط سخت ہوں گی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال میں وفاقی قانون کے باعث تقریباً 50 لاکھ امریکی، جن میں 10 لاکھ سے زائد بچے شامل ہیں، فوڈ اسٹیمپ سے محروم ہوچکے ہیں، جبکہ میئر ممدانی کی انتظامیہ کی کوششوں سے 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد نیویارک شہری اپنی سہولت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ اس کے علاوہ 10 اکتوبر سے غیرمحفوظ کیمیکلز پر مشتمل ماہواری کی مصنوعات کی فروخت پر پابندی کا قانون بھی نافذ ہوگا، جس کی خلاف ورزی پر 250 ڈالر تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 19 اکتوبر سے نیویارک فیری کا کرایہ بھی 4.50 ڈالر سے بڑھا کر 5 ڈالر کردیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.