میئر زہران ممدانی اور نیویارک ہیلتھ اینڈ ہاسپٹلز نے بروکلین کے علاقے بیڈ سٹائی میں دماغی امراض کے شکار شہریوں کیلئے نئی "برج ٹو ہوم” سہولت کا افتتاح کردیا۔
حکام کے مطابق یہ سہولت ووڈ ہل اسپتال کے قریب واقع ہے اور رواں ہفتے اپنے پہلے مریضوں کا استقبال کرے گی۔ یہ پروگرام ایسے شہریوں کی مدد کیلئے بنایا گیا ہے جو سنگین دماغی بیماری کے بعد اسپتال سے نکل کر مستحکم رہائش اور مسلسل علاج کی طرف جانا چاہتے ہیں۔ مکمل گنجائش پر یہ مرکز 50 افراد کو نجی کمرے فراہم کرے گا، جہاں وہ 12 ماہ تک یا مستقل رہائش ملنے تک قیام کرسکیں گے۔ یہ پروگرام ایسے مریضوں کیلئے گھر جیسا ماحول دیتا ہے جو اسپتال سے فارغ ہونے کیلئے تیار ہیں مگر ان کے پاس رہنے کی کوئی جگہ نہیں۔ یہاں طبی اور نفسیاتی نگہداشت، رہائشی درخواستوں میں مدد، نشے کی لت کا علاج، انفرادی اور گروہی تھراپی اور 24 گھنٹے طبی سہولت دی جائے گی۔ پہلی برج ٹو ہوم سہولت گزشتہ سال ستمبر میں مین ہٹن کے مڈ ٹاؤن علاقے میں کھولی گئی تھی۔