vosa.tv
Voice of South Asia!

میساچوسٹس میں بےگھرافراد پرجرمانےکی تجویزمسترد

0


نیویارک (نیوزڈیسک)امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر وورسٹر میں بے گھر افراد کو عوامی مقامات پر سونے یا کیمپ لگانے پر جرمانہ کرنے کی تجویز مسترد کردی گئی۔ کونسل ارکان کا کہنا ہے کہ مسئلے سے نمٹنے کے لیے جرمانوں کے بجائے شیلٹرز اور سماجی خدمات تک رسائی بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔
امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر وورسٹرکی سٹی کونسل نے بے گھر افراد کو عوامی مقامات پر سونے یا کیمپ لگانے پر جرمانہ کرنے کی تجویز مسترد کردی۔ یہ فیصلہ شہریوں اور بعض کونسل ارکان کے اعتراضات کے بعد کیا گیا۔سٹی مینیجر ایرک بٹسٹاکی تجویز میں خیمہ لگانے، سڑک یا فٹ پاتھ پر سونے اور عوامی پارکنگ میں گاڑی کے اندر رات گزارنے پر ہر خلاف ورزی کے لیے 25 ڈالر جرمانہ شامل تھا۔اجلاس سے پہلے شہریوں نے تقریباً دو گھنٹے تک اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ بعض افراد نے مؤقف اختیار کیا کہ جرمانے بے گھر افراد کی مشکلات کم کرنے کے بجائے ان پر مزید مالی بوجھ ڈال سکتے ہیں۔

وورسٹر کے میئر اور سٹی کونسل کے سربراہ جوزف پیٹی نے بھی تجویز پر سوالات اٹھائے۔ ان کے مطابق شہر کو شیلٹر کی گنجائش بڑھانے، سماجی اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانے اور بے گھر افراد کو معاون خدمات سے جوڑنے پر توجہ دینی چاہیے۔کونسل ارکان نے سٹی مینیجر کی وسیع حکمت عملی کو مکمل طور پر مسترد کرنے کے بجائے اسے مزید تبدیلیوں کے لیے واپس بھیجنے کی حمایت کی۔ بعض ارکان نے پالیسی میں زیادہ ہمدردانہ طریقہ اختیار کرنے پر زور دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.