vosa.tv
Voice of South Asia!

 نیوجرسی: اوک ٹری روڈ پر سالانہ پاکستان ڈے پریڈ اینڈ فیسٹیول

0

یومِ آزادی پاکستان کے سلسلے  میں ریاست نیوجرسی کے معروف تجارتی مرکز اوک ٹری روڈ پر سالانہ پاکستان ڈے پریڈ اینڈ فیسٹیول  کا انتہائی جوش و خروش سے انعقاد کیا گیا 

تقریب کی ابتدا  تلاوت ِ کلام پاک سے کی گئی ۔ تقریب میں ہزاروں کی تعداد میں اوورسیز پاکستانیوں، امریکی سیاسی و سماجی شخصیات اور فیملیز نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر ریاستہائے متحدہ امریکہ اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔ ڈے پریڈ اور فیسٹول کے شرکا کے لیے روایتی حلوہ پوری کے گرما گرم ناشتے کا اہتمام کیا  گیا۔ دیسی بازار میں کپڑوں، روایتی جیولری، دستکاری اور لذیذ پاکستانی کھانوں کے درجنوں اسٹالز شرکا کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔تقریب کے آغاز میں ڈاکٹر ماہم ملک اور نزہت احمد نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔تقریب کا منفرد اور تاریخی پہلو تحریکِ پاکستان کے قائدین کے روپ میں پیغامات کی پیشکش تھی۔ڈاکٹر جواد نے قائدِ اعظم محمد علی جناح، ڈاکٹر زہری پری نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح اور ڈاکٹر رحمان باجوہ نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے روپ اور انداز میں حاضرین سے خطاب کیا اور تحریکِ آزادی کے مقاصد کو اجاگر کیا۔ڈاکٹر ہما عرفان، ڈاکٹر شہلا غنی اور ان کی صاحبزادیوں نے ملی نغموں پر شاندار پرفارمنسز پیش کیں، جبکہ ڈاکٹر آبرو نے اپنے اہلخانہ کے ہمراہ خیبر پختونخوا اور پشاور کی روایتی و خوبصورت ثقافت کی دلکش نمائندگی کی، اس موقع پر  ڈاکٹر نزہت نے بھی ملی نغمہ پیش کیا۔ فیسٹیول کے دوران حاضرین کی دلچسپی کے لیے پاکستان سے متعلق ٹریویا کوئز گیم بھی ہوا، جس میں درست جوابات دینے والوں میں خصوصی گڈی بیگز تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شہناز اختر نے تقریب سے خطاب کیا۔ جشن ِ آزادی کی مناسبت سے مین گیٹ سے اسٹیج تک ایک شاندار اور طویل پریڈ نکالی گئی، جس میں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے، سجے ہوئے فلوٹس، ٹرکوں اور خوبصورت گاڑیوں کا قافلہ شریک تھا۔ شرکا پاکستان اور امریکا کے پرچم لہراتے  رہے۔ فاؤنڈنگ چیئرمین ڈاکٹر محمد زبیر  اور سائر ہ زبیر نے پریڈ کا استقبال کیا اور کمیونٹی، منتخب نمائندوں، امریکی حکام اور ہمسایوں کا شکریہ ادا کیا۔تقریب  میں دونوں ممالک کے پرچم لہرانے کے ساتھ قومی ترانوں کی گونج فضا میں گونجتی رہی۔ اس موقع پر اس موقع پر چیئرمین ملک سلیمان ، کامران خان  اور متین عباس نے بھی خطاب کیا اور یومِ آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی، نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد نے پاکستان ڈے پریڈ کی پوری انتظامیہ کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔ پاکستان  ڈے  پریڈ نیوجرسی میں ڈیموکریٹک امیدوار ڈاکٹر ایڈم حماوی نے بھی خطاب کیا اور پاکستانی کمیونٹی کی امریکی معاشرے میں خدمات کی تعریف کی۔ تقریب میں ووڈ برج کے میئر نے بھی شرکت کی اور کمیونٹی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، جبکہ گورنر نیوجرسی مکی شیرل نے پاکستانی برادری کے نام خصوصی تہنیتی پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔پروگرام کے آخری مرحلے میں رنگارنگ میوزیکل کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے معروف پلے بیک سنگر ماجد علی اور نامور گلوکارہ فرح انوار نے ملی نغمے اور مقبول گیت گا کر تقریب میں سماں باندھ دیا اور ہزاروں شرکا کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔پروگرام کے دوران حاضرین کے لیے خصوصی لکی ڈرا کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں عمرہ ٹکٹس، ایل ای ڈی ٹی وی اور دیگر بیش قیمت انعامات تقسیم کیے گئے۔ یوں یہ پروقار اور تاریخی تقریب دیر رات اپنے شاندار اختتام کو پہنچی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.