نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے اسٹیٹن آئی لینڈ میں 23 کروڑ ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والے نئے سینیٹیشن کمپلیکس کا افتتاح کردیا، جس سے شہر کی صفائی، برف ہٹانے اور کچرا اٹھانے کی سہولیات مزید بہتر ہوں گی۔
فریش کلز میں قائم نئے کمپلیکس میں دو جدید سینیٹیشن گیراج، فیولنگ اسٹیشن، گاڑیوں کی پارکنگ اور سولر سسٹم سمیت دیگر جدید سہولیات شامل ہیں۔حکام کے مطابق نئے کمپلیکس کی تعمیر کے بعد 539 جرسی اسٹریٹ پر موجود پرانے گیراج کی جگہ 232 کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے سستے گھر، عوامی کھلی جگہ اور ایک گروسری اسٹور تعمیر کیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ سینیٹیشن آپریشنز کی منتقلی سے علاقے میں ہیوی ٹرکوں کی آمدورفت، شور اور ٹریفک میں بھی کمی آئے گی، جس سے مقامی رہائشیوں کے معیارِ زندگی میں بہتری متوقع ہے۔نئے کمپلیکس میں 14 کروڑ مربع فٹ کا جدید مینٹیننس اور آپریشنز گیراج، خصوصی کچرے اور ری سائیکلنگ کی سہولت اور چھت پر سولر سسٹم بھی شامل ہیں۔میئر ممدانی کے مطابق یہ منصوبہ سینیٹیشن ورکرز کو بہتر کام کی جگہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹیٹن آئی لینڈ میں سستی رہائش اور عوامی سہولیات کی فراہمی میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔