امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش نے ایسے افراد کے لیے وفاقی اسلحہ رکھنے کے حقوق کی بحالی کا نیا طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے، جن پر اسلحہ رکھنے کی قانونی پابندی عائد ہے۔
نئے قواعد کے تحت اہل افراد اپنے وفاقی اسلحہ حقوق کی بحالی کے لیے درخواست دے سکیں گے، تاہم بحالی خودکار یا یقینی نہیں ہوگی۔ ہر درخواست گزار کے سابقہ ریکارڈ، کردار، موجودہ رویے اور عوامی تحفظ کو لاحق ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا جائے گا۔محکمہ انصاف کے مطابق پرتشدد جرائم میں سزا یافتہ افراد، رجسٹرڈ جنسی مجرموں، غیر قانونی تارکین وطن اور عوامی تحفظ کے لیے مسلسل خطرہ بننے والے افراد عام حالات میں اس رعایت کے اہل نہیں ہوں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس عمل کا مقصد ایک طرف امریکی آئین کی دوسری ترمیم کے تحت حقوق کا تحفظ کرنا اور دوسری طرف خطرناک افراد کو اسلحے سے دور رکھنا ہے۔نیا ضابطہ فیڈرل رجسٹر میں شائع ہونے کے 30 روز بعد نافذ ہوگا، جبکہ درخواست اور اہلیت سے متعلق معلومات امریکی محکمہ انصاف کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔