vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک کی دو آئی کلینکس پر میڈیکیئر فراڈ کا الزام، 2.3 ملین ڈالر ادا کرنے پر اتفاق

0

امریکا کی ریاست نیویارک کی دو آئی کلینکس نے میڈیکیئر اور میڈیکیڈ فراڈ کے الزامات نمٹانے کے لیے مجموعی طور پر 2.3 ملین ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق فرومر آئی سینٹرز اور فلورل پارک اوفتھلمولوجی پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک نجی ٹیسٹنگ کمپنی کے ساتھ مبینہ کمیشن (کک بیک) معاہدے کے ذریعے مریضوں کے لیے غیر ضروری ٹرانس کرینیئل ڈوپلر الٹراساؤنڈ ٹیسٹ کروا کر میڈیکیئر اور میڈیکیڈ سے جعلی کلیمز وصول کیے۔حکام کا کہنا ہے کہ دونوں کلینکس نے ہزاروں مریضوں کے ایسے ٹیسٹ کرائے جن کی طبی ضرورت موجود نہیں تھی، جبکہ کئی مریضوں کے ریکارڈ میں ایسی تشخیص درج کی گئی جو ان کی میڈیکل ہسٹری یا ٹیسٹ نتائج سے مطابقت نہیں رکھتی تھی۔معاہدے کے تحت فرومر آئی سینٹرز اور اس کے سابق مالک مارک فرومر کی جائیداد 1.8 ملین ڈالر جبکہ فلورل پارک اوفتھلمولوجی 5 لاکھ ڈالر ادا کرے گی۔ مجموعی رقم میں سے 3 لاکھ 84 ہزار ڈالر ریاست نیویارک کو میڈیکیڈ کے حصے کے طور پر ملیں گے۔محکمہ انصاف نے بتایا کہ یہ مقدمہ ایک وسل بلوور کی شکایت پر دائر کیا گیا تھا، جسے تصفیے کے تحت تقریباً 1 لاکھ 32 ہزار ڈالر انعام کے طور پر دیے جائیں گے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صحت کے شعبے میں فراڈ اور غیر قانونی کمیشن کے ذریعے سرکاری فنڈز حاصل کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، تاہم واضح کیا گیا کہ یہ معاملہ تصفیے کے ذریعے نمٹایا گیا ہے اور عدالت کی جانب سے کسی فریق کو قصوروار قرار نہیں دیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.