امریکی شہر سیئٹل میں اسپیس نیڈل کے قریب سالانہ بائٹ آف سیئٹل فوڈ فیسٹیول کے دوران اندھادھند فائرنگ سے تین افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے، ایک مشتبہ شخص گرفتار جبکہ دوسرا فرار ہے۔
بی بی سی کے مطابق فائرنگ مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 6 بجے سیئٹل سینٹر میں ہوئی۔ دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے جبکہ ایک زخمی نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ زخمیوں میں ایک دو سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ چار زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔سیئٹل پولیس کے اسسٹنٹ چیف ٹائرون ڈیوس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں مشتبہ افراد ایک دوسرے پر فائرنگ کر رہے تھے۔ فائرنگ کے دوران کئی افراد نے اسپیس نیڈل کے اندر پناہ لی اور سوشل میڈیا ویڈیوز میں لوگوں کو ستونوں کے پیچھے چھپتے دیکھا گیا۔ واشنگٹن کے گورنر باب فرگوسن نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ واقعے سے متعلق ویڈیوز یا معلومات پولیس کو فراہم کریں۔