vosa.tv
Voice of South Asia!

ایران کا امریکا کو سخت جواب، مستقل جنگ بندی پر زور

0

پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کی کوششیں ایک اہم مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں، جہاں ایران نے عارضی جنگ بندی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ صرف مستقل جنگ بندی قبول کرے گا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران نے اپنے 10 نکاتی جواب میں مطالبہ کیا ہے کہ خطے میں تمام حملے فوری طور پر بند کیے جائیں، اس پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں اور جنگ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔ تہران کا مؤقف ہے کہ عارضی جنگ بندی امریکا اور اسرائیل کو دوبارہ منظم ہونے کا موقع فراہم کرے گی۔ایران نے خبردار کیا ہے کہ جب تک مستقل جنگ بندی نہیں ہوتی، اہم عالمی گزرگاہ آبنائے ہرمز بند رکھی جائے گی، جو عالمی معیشت کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے سخت الٹی میٹم جاری کیا ہے۔ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کے مطالبات مقررہ وقت تک پورے نہ ہوئے تو ایران کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ اس بیان پر ایران میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور حکام نے اسے جنگی جرم قرار دیا ہے۔ادھر خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جہاں اسرائیل کی جانب سے ایران میں حملوں اور اس کے جواب میں ایرانی میزائل کارروائیوں کے بعد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ماہرین کے مطابق جاری کشیدگی نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن رہی ہے بلکہ عالمی معیشت، خاص طور پر تیل کی قیمتوں پر بھی گہرے اثرات مرتب کر رہی ہے، جبکہ دنیا کی نظریں اب آئندہ چند گھنٹوں میں ہونے والی پیش رفت پر مرکوز ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.