الینوائے کے سیکریٹری آف اسٹیٹ کی جانب سے مسلم کمیونٹی کے لیے اجتماعی افطار
شکاگو: امریکی ریاست الینوائے کے سیکریٹری آف اسٹیٹ الیکسی گیانولیاس نے شکاگو میں مسلم کمیونٹی کے اعزاز میں خصوصی افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
یہ تقریب الہمبرا پیلس میں منعقد ہوئی جس میں پچاس سے زائد مہمان شریک ہوئے۔تقریب کا آغاز کالج کے طالب علم محمد اعظم نے تلاوتِ قرآن پاک سے کیا جبکہ معروف سماجی کارکن رش درویش نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ مقررین نے رمضان المبارک کو خود احتسابی، ہمدردی اور باہمی احترام کا مہینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اجتماعات کمیونٹی کے درمیان روابط کو مضبوط بناتے ہیں۔اس موقع پر الیکسی گیانولیاس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان خاندان، کمیونٹی اور روحانی فکر کا اہم وقت ہے۔ انہوں نے مسلم کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ان کے تعاون اور حمایت کے شکر گزار ہیں اور انہیں اپنے خاندان کا حصہ سمجھتے ہیں۔تقریب کے دوران کمیونٹی کے رکن محمد خان اور چیف آف اسٹاف حنا جبہ کی خدمات کو بھی سراہا گیا جنہوں نے گزشتہ چار برسوں کے دوران اس افطار تقریب کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ سیکریٹری آف اسٹیٹ نے مسلم کمیونٹی کو مشکل عالمی حالات کے باوجود مثبت سوچ اور امید کی علامت قرار دیا۔