روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ، اب تک کتنے کھاتےکھلے اور کتنی سرمایہ کاری ہوئی؟
اسلام آباد: روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ منصوبے نے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے مجموعی رقوم 12 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر لی ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر 2020 میں شروع ہونے والے اس پروگرام میں 10 فروری 2026 تک مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2025 کے اختتام تک اس منصوبے میں مجموعی رقم 11.707 ارب ڈالر تھی، جو چند ہفتوں میں بڑھ کر 12 ارب ڈالر سے زیادہ ہو گئی۔ اس عرصے کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 9 لاکھ سے زائد روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولے۔اسٹیٹ بینک نے بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس پروگرام میں مسلسل اضافہ نہ صرف ان کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے بلکہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس منصوبے میں سرمایہ کاری کا تسلسل مالی استحکام کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا مقصد بیرون ملک پاکستانیوں کو آسان اور محفوظ بینکاری سہولت فراہم کرنا ہے، جس کے تحت وہ دنیا کے کسی بھی حصے سے ڈیجیٹل طریقے سے اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔ اس کے ذریعے رقوم کی منتقلی، ادائیگیاں اور پاکستان میں مختلف سرمایہ کاری کے مواقع بھی دستیاب ہیں۔