نیویارک میں بچوں کی خوراک تیار کرنے والی کمپنی نے ’’ٹیپی ٹوز‘‘ برانڈ کی فروٹ پیوری احتیاطی طور پر مارکیٹ سے واپس منگوا لی ہے، جبکہ حکام نے والدین کو فوری طور پر احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی۔
امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کے مطابق اعلامیے میں سیب، ناشپاتی اور کیلے پر مشتمل یہ پیوری ایک نجی کمپنی کی جانب سے تیار کی گئی تھی، جس میں پیٹولن نامی مادے کی مقدار مقررہ حد سے زیادہ پائی گئی۔ پیٹولن ایک قدرتی زہریلا مرکب ہے جو عموماً سیب سمیت بعض پھلوں میں پیدا ہونے والی پھپھوندی کے باعث بنتا ہے۔امریکی حکام کے مطابق ایف ڈی اے کی جانب سے کیے گئے ٹیسٹ میں مذکورہ مقدار کی نشاندہی ہوئی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ طویل عرصے تک پیٹولن کے استعمال سے مدافعتی نظام متاثر ہو سکتا ہے، جبکہ اعصابی کمزوری، سر درد، بخار اور متلی جیسی علامات بھی سامنے آ سکتی ہیں۔حکام کے مطابق تاحال کسی بچے کے بیمار ہونے یا متاثر ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر یہ اقدام احتیاطی تدبیر کے طور پر اٹھایا گیا ہے۔ متاثرہ پراڈکٹ امریکا کی تقریباً تمام ریاستوں میں فروخت کی گئی، سوائے الاسکا کے۔والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ان کے پاس موجود پیوری پر ایکسپائری تاریخ 17 جولائی 2026 درج ہے تو اسے ہرگز استعمال نہ کریں اور قریبی اسٹور پر واپس کر کے رقم کی واپسی حاصل کریں۔کمپنی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ صارفین اور ان کے خاندانوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اور متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر مصنوعات کے حفاظتی معیار کو مزید سخت بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔