پیرس: فرانس میں حالیہ موسلادھار بارشوں کے بعد آنے والے شدید سیلاب نے کئی علاقوں میں تباہی مچا دی، نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا جبکہ نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔
حکام کے مطابق فرانس کے مختلف حصوں میں غیر معمولی بارشوں کے باعث دریاؤں میں طغیانی آ گئی۔ دریائے گارون کے بند ٹوٹنے سے قریبی آبادیاں پانی میں ڈوب گئیں اور کئی علاقوں میں ہر طرف پانی ہی پانی دکھائی دے رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق سیلابی ریلے نے مکانات، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا۔ متعدد رہائشی عمارتوں کی نچلی منزلیں مکمل طور پر زیرِ آب آگئیں جبکہ دیہی علاقوں میں کھڑی فصلیں اور زرعی زمینیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔ریسکیو اداروں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی مراکز قائم کر دیے گئے ہیں جہاں متاثرین کو عارضی رہائش اور خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔حکام نے دریائے گارون اور ملحقہ علاقوں میں مزید پانی کے اضافے کے خدشے کے پیشِ نظر ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشیں معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کی گئی ہیں، جس کے باعث دریا میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی ہے۔ حکام صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی جا رہی ہے۔