امریکی ریاست الی نوائے کے شہر شکاگو میں میڈیکیئر اور نجی انشورنس کمپنیوں سے مبینہ طور پر تقریباً ایک کروڑ ڈالر کے جعلی طبی دعوے وصول کرنے کے الزام میں دو پاکستانی نژاد افراد پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔
وفاقی عدالت میں دائر فردِ جرم کے مطابق برہان مرزا اور کاشف اقبال نے 2023 اور 2024 کے دوران نام نہاد لیبارٹریوں اور طبی آلات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ذریعے ایسے بل جمع کرائے جن کی بنیاد پر رقوم وصول کی گئیں، حالانکہ متعلقہ طبی خدمات اور سامان درحقیقت فراہم ہی نہیں کیا گیا تھا۔استغاثہ کا کہنا ہے کہ برہان مرزا نے مبینہ طور پر، بیمہ کمپنیوں کی شناختی معلومات غیر قانونی طور پر حاصل کر کے جعلی دعووں کی تیاری میں استعمال کیں۔ دوسری جانب کاشف اقبال پر رقوم کی منتقلی اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا الزام ہے، جبکہ فردِ جرم میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ مبینہ طور پر حاصل کی گئی رقم پاکستان منتقل کی گئی۔ استغاثہ کے مطابق برہان مرزا پر صحت سے متعلق فراڈ اور منی لانڈرنگ کی متعدد دفعات عائد کی گئی ہیں، جبکہ کاشف اقبال پر امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مبینہ طور پر غلط بیان دینے کا الزام بھی شامل ہے۔عدالت میں پیشی کی تاریخ تاحال مقرر نہیں کی گئی، اور قانون کے مطابق تمام ملزمان کو جرم ثابت ہونے تک بے گناہ تصور کیا جائے گا۔