امریکی شہر سان فرانسسکو میں اساتذہ کی ہڑتال کے باعث تقریباً 50 ہزار طلبہ تیسرے روز بھی تعلیم سے محروم رہے، جس کے بعد والدین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
اسکول ڈسٹرکٹ کے تقریباً 6 ہزار اساتذہ تنخواہوں میں اضافے، صحت سہولیات اور خصوصی ضروریات کے حامل طلبہ کے لیے مزید وسائل کے مطالبات پر ہڑتال کر رہے ہیں۔ ہڑتال کی مدت غیر معینہ ہونے کے باعث والدین کو بچوں کی دیکھ بھال اور روزمرہ معمولات میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔متعدد شہری متبادل سرگرمیوں، ڈے کیئر پروگرامز اور رشتہ داروں کی مدد سے بچوں کی دیکھ بھال کا انتظام کر رہے ہیں، جبکہ کئی والدین کو کام سے چھٹی لینے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ کچھ گھروں میں والدین گھر سے کام کرتے ہوئے بچوں کو مصروف رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم طویل ہڑتال کی صورت میں مسائل بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔یونائیٹڈ ایجوکیٹرز آف سان فرانسسکو اور اسکول ڈسٹرکٹ کے درمیان تقریباً ایک سال سے مذاکرات جاری ہیں۔ اساتذہ کا مطالبہ ہے کہ طبی انشورنس مکمل طور پر فنڈ کی جائے، تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے اور خصوصی تعلیم کے شعبے میں خالی اسامیوں کو پُر کیا جائے۔ دوسری جانب ضلعی حکام مالی خسارے کا حوالہ دیتے ہوئے محدود اضافے کی پیشکش کر رہے ہیں۔