vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں معمر شہریوں کے نام پر 120 ملین ڈالر کا بڑا فراڈ بے نقاب

0

نیویارک کے علاقے کوئنز سے تعلق رکھنے والے دو افراد پر میڈیکیئر اور میڈیکیڈ پروگراموں سے تقریباً 120 ملین ڈالر کے مبینہ فراڈ کا الزام عائد کر دیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ملزمان نے معمر شہریوں کی دیکھ بھال کے مراکز اور ایک فارمیسی کو غیرقانونی کمائی کا ذریعہ بنا کر حکومتی صحت پروگراموں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔استغاثہ کا کہنا ہے کہ انوُو کم اور ڈینیئل لی نے معمر مریضوں کو نقد رقوم اور سپر مارکیٹ گفٹ کارڈز دے کر اپنی فارمیسی سے نسخے حاصل کرنے اور اپنے سوشل ایڈلٹ ڈے کیئر مراکز میں رجسٹر ہونے پر آمادہ کیا۔ حکام کے مطابق ان مراکز کے نام رائل ایڈلٹ ڈے کیئر اور ہیپی لائف تھے، جہاں مبینہ طور پر ایسی خدمات کے بل بھی جمع کرائے گئے جو یا تو دی ہی نہیں گئیں یا طبی طور پر ضروری نہیں تھیں۔عدالتی دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزمان نے خفیہ پیغامات کے ذریعے غیرقانونی ادائیگیوں کا ذکر بھی کیا اور کیش کی بڑی رقوم بینک اکاؤنٹس سے نکال کر رشوت اور کِک بیکس کی مد میں استعمال کیں۔ بعض مواقع پر ڈے کیئر مراکز کی گنجائش سے زیادہ مریضوں کے نام پر کلیمز بھی جمع کرائے گئے۔ حکام کے مطابق اسی طریقے سے دس سال کے عرصے میں میڈیکیئر اور میڈیکیڈ سے کروڑوں ڈالر وصول کیے گئے۔وفاقی تفتیشی اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گرفتاریوں کے ساتھ کئی بینک اکاؤنٹس بھی ضبط کر لیے ہیں۔ دونوں ملزمان پر ہیلتھ کیئر فراڈ کی سازش کا الزام ہے اور جرم ثابت ہونے کی صورت میں انہیں زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے، تاہم قانون کے مطابق وہ عدالت سے حتمی فیصلہ آنے تک بے گناہ تصور کیے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.