vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی حکومت کی غیر ملکی شہریوں اور گرین کارڈ ہولڈرز کو کاروباری قرضوں کی فراہمی بند

0

امریکی حکومت نے غیر ملکی شہریوں اور گرین کارڈ ہولڈرز کو کاروباری قرضوں کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یکم مارچ سے گرین کارڈ ہولڈرز حکومتی چھوٹے کاروباری قرضوں کے اہل نہیں رہیں گے۔

اسمال بزنس ایڈمنسٹریشن کے مطابق یہ تبدیلی موجودہ وفاقی ضوابط اور ایک حالیہ ایگزیکٹو آرڈر کے تحت کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں وہ تمام کاروبار متاثر ہوں گے جن میں قانونی مستقل رہائشیوں، یعنی گرین کارڈ ہولڈرز، کی کسی بھی سطح پر ملکیت شامل ہے۔ آفیشل پالیسی نوٹس کے مطابق نئے قوانین کے تحت ہر چھوٹے کاروبار کے تمام براہِ راست اور بالواسطہ مالکان کا امریکی شہری یا امریکی نیشنل ہونا لازمی ہوگا، اور ان کی مستقل رہائش امریکا یا اس کے زیرِ انتظام علاقوں میں ہونی چاہیے۔اس فیصلے کے بعد گرین کارڈ رکھنے والے افراد سرکاری معاونت سے فراہم کیے جانے والے قرضوں کے ذریعے نیا کاروبار شروع نہیں کر سکیں گے اور نہ ہی ایسے کسی موجودہ کاروبار میں شامل ہو سکیں گے جو حکومتی قرض کا خواہش مند ہو۔ اسمال بزنس ایڈمنسٹریشن نے غیر ملکی شہریوں یا امریکا سے باہر رہائش رکھنے والے بعض افراد کو محدود ملکیت کی جو گنجائش دی ہوئی تھی، وہ بھی ختم کر دی ہے۔پالیسی نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ قانونی مستقل رہائشی کسی بھی درخواست دہندہ کاروبار، فعال کمپنی یا سرمایہ کاری کمپنی میں کسی بھی نوعیت کے شراکت دار نہیں ہو سکیں گے۔ اس فیصلے کے بعد وہ کاروبار جو جزوی یا مکمل طور پر گرین کارڈ ہولڈرز کی ملکیت میں ہیں، اب حکومتی قرض حاصل کرنے کے اہل نہیں رہیں گے۔ یہ نئی پالیسی یکم مارچ سے موصول ہونے والی نئی درخواستوں پر لاگو ہوگی، جبکہ موجودہ یا ممکنہ قرض لینے والوں کو اہل رہنے کے لیے اپنی ملکیتی ساخت کا دوبارہ جائزہ لینا ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.