سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی وہ تصاویر جن میں نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی کو بچپن میں جیفری ایپسٹین اور گھسلین میکسویل کے ساتھ دکھایا گیا ہے، دراصل مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی تصاویر ثابت ہوئی ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے اے بی سی کے مطابق یہ تصاویر ایک ایسے اکاؤنٹ سے شیئر کی گئیں جس نے خود کو پیروڈی اور اے آئی میمز بنانے والا پلیٹ فارم قرار دیا ہے، جبکہ تصاویر پر ڈیجیٹل واٹر مارک بھی موجود ہے جو ان کے مصنوعی ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔وائرل ہونے والی ان تصاویر میں ممدانی کو اپنی والدہ، معروف فلم ساز میرا نائر، کے ہمراہ ایپسٹین، میکسویل اور دیگر معروف شخصیات کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ تاہم بعد میں تحقیق سے معلوم ہوا کہ تصاویر میں گوگل کے اے آئی واٹر مارکنگ ٹول کے نشانات موجود ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ انہیں مکمل یا جزوی طور پر مصنوعی ذہانت کے ذریعے تخلیق یا ایڈٹ کیا گیا۔ماہرین کے مطابق ان تصاویر کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ مزید یہ کہ جن افراد کو ان تصاویر میں شامل کیا گیا، ان میں سے متعدد کے خلاف ایپسٹین کے جرائم سے متعلق کوئی عوامی الزام بھی سامنے نہیں آیا۔یہ تصاویر اُس وقت سامنے آئیں جب ایپسٹین سے متعلق نئی دستاویزات منظرعام پر آئیں، جس کے بعد مختلف سازشی نظریات نے بھی جنم لیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے بنائی گئی ایسی گمراہ کن تصاویر عوامی شخصیات کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کرنے اور سیاسی ماحول کو متاثر کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہیں، اس لیے صارفین کو ایسی مواد شیئر کرنے سے پہلے تصدیق ضرور کرنی چاہیے۔