vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکہ خطے میں خسرہ کیسز میں خطرناک اضافہ، اقوام متحدہ کی وارننگ

0

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے پین امریکن ہیلتھ آرگنائزیشن (پاہو) نے امریکہ کے خطے میں خسرہ کے کیسز میں تیز رفتار اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رکن ممالک کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق ادارے نے وبائیاتی الرٹ جاری کرتے ہوئے معمول کی نگرانی اور ویکسینیشن مہم کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔پاہو کے مطابق 2026 کے ابتدائی تین ہفتوں کے دوران ہی امریکہ کے خطے میں خسرہ کے 1,031 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ پورے 2025 میں یہ تعداد 14,891 رہی۔ شمالی امریکہ میں امریکا، میکسیکو اور کینیڈا ان ممالک میں شامل ہیں جہاں خسرہ کے بڑے پھیلاؤ دیکھنے میں آ رہے ہیں، جس سے ان کی خسرہ کے خاتمے کی سابقہ حیثیت خطرے میں پڑ گئی ہے۔خسرہ ایک وائرل بیماری ہے جو غیر ویکسین شدہ افراد میں تیزی سے پھیلتی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ بیماری نمونیا، دماغی سوزش اور دیگر سنگین پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے، خصوصاً کم عمر بچوں میں۔ اس سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ایم ایم آر ویکسین ہے، جو خسرہ، ممپس اور روبیلا سے تحفظ فراہم کرتی ہے، اور طبی ماہرین بچوں کو کم عمری میں اس کی مکمل خوراک لینے کی ہدایت کرتے ہیں۔پاہو کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں 2026 کے پہلے تین ہفتوں میں 171 کیسز سامنے آئے، جبکہ 2025 میں مجموعی تعداد 2,242 رہی۔ میکسیکو میں گزشتہ سال 6,428 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ رواں سال کے آغاز میں مزید 740 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ کینیڈا پہلے ہی خسرہ کے خاتمے کی حیثیت کھو چکا ہے۔ پاہو نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور میکسیکو کی صورتحال کا جائزہ 13 اپریل کو ایک ورچوئل اجلاس میں لیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.