امریکا میں نیویارک سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو چینی منی لانڈرنگ نیٹ ورک میں کردار ادا کرنے پر دو سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
محکمہ انصاف کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری خبر کے مطابق عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزمہ نے کوئینز کے علاقے فلشنگ میں ایک ایئرلائن ٹکٹ کنسولیڈیٹر کمپنی میں اکاؤنٹنٹ کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا۔ منی لانڈرنگ اسکیم میں کاروباری لین دین کو ٹکٹوں کی خریداری ظاہر کر کے رقوم کو کمپنی کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل کیا جاتا تھا، جبکہ اصل رقم ہیروئن اور کوکین کی فروخت سے حاصل شدہ منشیات کی کمائی تھی، جس کا تعلق ایک میکسیکن کارٹیل سے جوڑا گیا۔حکام کے مطابق اس پیچیدہ نیٹ ورک کے ذریعے رقوم امریکا اور چین میں موجود شریک ملزمان کے کنٹرول والے اکاؤنٹس تک پہنچائی گئیں۔ روئی فینگ یو نے اگست 2025 میں منی لانڈرنگ کی سازش کے الزام میں جرم قبول کیا تھا۔اس کیس کی تحقیقات ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (DEA) اور ایف بی آئی نے کیں، جبکہ استغاثہ کی کارروائی امریکی محکمہ انصاف کے منی لانڈرنگ، منشیات اور ضبطی اثاثہ جات یونٹ اور مشرقی ضلع نیویارک کے پراسیکیوٹرز نے چلائی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد جرائم سے حاصل منافع کو ختم کرنا اور عالمی منشیات نیٹ ورکس کی مالی بنیادوں کو کمزور کرنا ہے۔