امریکی عدالت نے ہیٹی تارکین وطن کی عارضی تحفظ حیثیت ختم کرنے کا حکم روک دیا
امریکا میں ایک وفاقی جج نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے تقریباً ساڑھے تین لاکھ ہیٹی کے تارکین وطن کے لیے عارضی تحفظ حیثیت (TPS) ختم کرنے کا فیصلہ عارضی طور پر روک دیا ہے،
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ حکم ایسے وقت آیا جب یہ تحفظ منگل سے ختم ہونا تھا۔واشنگٹن کی ڈسٹرکٹ جج اینا ریز نے اپنے فیصلے میں کہا کہ حکومت کا اقدام فی الحال قانونی حیثیت نہیں رکھتا اور مقدمہ چلنے تک اسے معطل رکھا جائے گا۔ جج نے عندیہ دیا کہ درخواست گزاروں کے دلائل مضبوط ہیں اور یہ بھی کہا کہ ہوم لینڈ سکیورٹی کی پالیسی سازی میں مناسب مشاورت اور حالات کا مکمل جائزہ نہیں لیا گیا۔ہوم لینڈ سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹی پی ایس عارضی سہولت ہے اور اسے مستقل رہائش کا ذریعہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔ حکام کا مؤقف ہے کہ ہیٹی میں حالات کچھ بہتر ہوئے ہیں، جبکہ کمیونٹی رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ گینگ تشدد، بدامنی اور بنیادی سہولیات کی کمی اب بھی لوگوں کی جان کے لیے خطرہ ہے۔