vosa.tv
Voice of South Asia!

بھارت نے دوبارہ جنگ مسلط کی تو پہلے سے زیادہ سخت جواب ملے گا، سینیٹر رانا محمود الحسن

0

نیویارک(ویب ڈیسک)سینیٹر رانا محمو دالحسن نے کہا ہے کہ بھارت ہمارا ہمسائیہ  ہے، اس کے ساتھ کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں چاہتے  لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پہلے سے زیادہ سخت جواب دیں گے ۔ وہ نیویارک میں اپنے اعزاز میں منعقدہ   عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔

نیویارک میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سرور چودھری، عبد الروف بھلی اور میڈ اِن پاکستان کمپنی کے مالک و مقامی صحافی سیدزاہد شہباز نے سینیٹر رانا محمود الحسن کے اعزاز میں کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع  نجی ریسٹورانٹ میں عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ شرکاٗ سے خطاب میں مہمان خصوصی سینیٹر رانا محمود الحسن کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ پارلیمانی سطح  کے تعلقات کا نیا دور شروع ہوا ہے، گزشتہسال پاکستان کی افواج  اور پوری قوم نے مل کر بھارت کا خطے میں بالا دستی کا خواب چکنا چورکردیا۔

عشائیے میں پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما اور ورکرز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر میزبان سرور چودھری اور زاہد شہباز کا کہنا تھا کہ سب لوگ رانا محمود الحسن کی محبت میں یہاں جمع ہوئے ہیں، ڈاکٹر غلام مجتبیٰ نے پاکستان اور امریکا  کے درمیان پارلیمان اور عوامی سطح پر   روابط  استوار کرنے کا جو بیڑا اٹھایا ہے ہم سب اس میں ان کے ساتھ ہیں ۔

اس موقع پر  فارما سسٹ  ڈاکٹر غلام مجتبیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی یہاں  ٹیکس کی ادائیگی  میں  ٹاپ ٹین  میں شامل ہے لیکن افسوس وہ نمائندگی نہیں ملتی جس کے ہم حقدار ہیں۔قبل ازیں تقریب میں شریک دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال اور اپنی گزارشات رانا محمود الحسن کے سامنےرکھیں، مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ محمود الحسن اوور سیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل حل کرانے کی کوشش  کریں گے۔تقریب کے اختتام پر سینیٹر رانا  محمود الحسن  نے سندھ ثقافت کی پہچان اجرک پہنائی ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.