vosa.tv
Voice of South Asia!

لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کا مکالمہ

0

لندن میں پاکستان ہائی کمیشن نے لندن اسکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس کی اسٹوڈنٹس یونین پاکستان ڈویلپمنٹ سوسائٹی کے اشتراک سے ’’عالمی منظرنامے پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت‘‘ کے موضوع پر ایک خصوصی مباحثے کا انعقاد کیا۔

مکالماتی نشست میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل، ایل ایس ای کے مختلف شعبوں میں زیرِ تعلیم طلبہ اور ہائی کمیشن کے افسران نے شرکت کی، جبکہ کنگز کالج، امپیریل کالج، کوئین میری یونیورسٹی، وارک یونیورسٹی اور یونیورسٹی کالج آف لندن کے طلبہ بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ پاکستان اپنی اہم جغرافیائی حیثیت، ابھرتی معیشت، سرمایہ کاری کے وسیع مواقع، مضبوط دفاعی صلاحیتوں اور نوجوان آبادی کی وجہ سے عالمی سطح پر نمایاں اہمیت اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان نے قومی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی قیادت ترقی، استحکام اور خود انحصاری پر مبنی پالیسیوں کے ذریعے عالمی برادری کو یہ پیغام دے رہی ہے کہ پاکستان خطے میں امن اور تعاون کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی اصلاحات، علاقائی روابط اور سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات پاکستان کے مستقبل کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ڈاکٹر محمد فیصل نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید تعلیم، مہارت اور تحقیق کے ذریعے خود کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کریں تاکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ سوال و جواب کی نشست میں طلبہ نے خارجہ پالیسی، معاشی حکمت عملی اور نوجوانوں کے کردار سے متعلق مختلف سوالات اٹھائے، جن کے جوابات دیتے ہوئے ہائی کمشنر نے پاکستان کے مستقبل کے وژن پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.