پاکستان سے امریکا کے دورہ پر آئے ہوئے سینیٹر رانا محمود الحسن اور رویت ِ ہلال کمیٹی کے چیئر مین اور بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب مولانا عبد الخبیر آزاد کے اعزاز میں ملک گروپ آ ف بزنسز کے چیئرمین اورمسلم لیگ ن کے سینئر رہنما دانش ملک نے خان بابا ریسٹورانٹ میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔ شرکا سے خطاب میں سینیٹر رانا محمود الحسن کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا تعلقات میں اتار چڑھا آتے رہے ہیں، پارلیمانی سطح پر رابطوں کی کمی رہی ہے جسے اب مستحکم کیا جائے گا،سیاست میں کچھ بھی حرفِ آخر نہیں ہوتا۔
تقریب میں اے پی پیک کے چیئر مین ڈاکٹر اعجاز احمد، فارماسسٹ ڈاکٹر غلام مجتبیٰ سمیت پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں سے نمایاں شخصیات شریک ہوئیں ۔حاضرین سے گفتگو میں رویت ِ ہلال کمیٹی کے چیئر مین اور بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب مولانا عبد الخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی امریکا میں ہوں یا کسی بھی ملک میں وہ پاکستان کے سفیر ہیں ۔
عشائیے کی میز پر پاک امریکا تعلقات کے علاوہ پاکستان کی اندرونی سیاسی صورتحال ، اقتصادی ترقی اور سماجی مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر مذہبی اسکالر تصور الحسن گیلانی کا کہنا تھا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو اپنے لیے پسند کرو وہی اپنے مسلمان بھائی کے لیے پسند کرو۔
اس موقع پر سینیٹر محمود الحسن نے دانش ملک، ڈاکٹر اعجاز احمد اور ڈاکٹر غلام مجتبیٰ کو ایوارڈسے نوازا ۔ آخر میں خان بابا ریسٹورانٹ کے مالک جواد بٹ کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔