نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے ایگزیکٹو آرڈر 12 پر دستخط کر دیے ہیں جس کے تحت شہر کے ہر محکمے میں ایک “چیف سیونگز آفیسر” مقرر کیا جائے گا تاکہ سرکاری کارکردگی بہتر بنائی جا سکے، اخراجات میں بچت ہو اور عوامی خدمات کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکے۔
نیویارک میئر آفس کی آفیشل نیوز ویب سائٹ کے مطابق یہ افسران اداروں کے سربراہان کو براہِ راست رپورٹ کریں گے اور ان کا بنیادی کام غیر ضروری اخراجات ختم کرنا اور سروس ڈیلیوری کو ہموار بنانا ہوگا۔ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق ہر سٹی ایجنسی کو پانچ دن کے اندر ایک سینئر ملازم کو چیف سیونگز آفیسر نامزد کرنا ہوگا۔ ان افسران کو متعلقہ عملہ اور ڈیٹا فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ 45 دن کے اندر اپنے ادارے کے اخراجات، کارکردگی اور پروگرامز کا مکمل جائزہ لے سکیں۔ وہ یہ نشاندہی کریں گے کہ کون سی سروسز نیویارکرز کے لیے سب سے زیادہ مؤثر ہیں اور کہاں عمل کو سادہ بنا کر اور دہرانے والے پروگرام ختم کر کے بچت کی جا سکتی ہے۔چیف سیونگز آفیسرز اپنے نتائج فرسٹ ڈپٹی میئر اور بجٹ ڈائریکٹر کے دفاتر کو پیش کریں گے۔ ہدایات کے مطابق توجہ مستقل بچت اور دیرپا کارکردگی بہتر بنانے پر ہوگی۔ ہر چھ ماہ بعد تازہ جائزہ بھی لیا جائے گا تاکہ پیش رفت دیکھی جا سکے اور مزید بچت کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔میئر ممدانی کا کہنا ہے کہ عوامی وسائل کا دانشمندانہ استعمال حکومت کی ذمہ داری ہے اور یہ اقدام بیوروکریسی کم کر کے شہر کو محفوظ، صاف اور زیادہ قابلِ برداشت بنانے میں مدد دے گا۔