کم آمدن اور تارکینِ وطن کے لیے بڑی سہولت، اپنا سینٹر اب ویٹا پروگرام کا حصہ
انٹرنل ریونیو سروس (IRS) نے نیویارک میں اپنا کمیونٹی سینٹر کو انکم ٹیکس ریٹرن کی تیاری میں بطور رضاکارانہ معاون ادارہ تسلیم کرلیا ہے۔ کم آمدن کے حامل افراد اور تارکینِ وطن اب اپنا کمیونٹی سینٹر سے مفت ٹیکس فائل کروا سکتے ہیں۔
نیویارک بھر میں انکم ٹیکس فائل کرنے کے لیے کم آمدن اور امیگرنٹ کمیونٹی کو بڑی سہولت مل گئی۔ اپنا کمیونٹی سینٹر نے آئی آر ایس سے منظوری کے بعد انکم ٹیکس ریٹرن کی تیاری میں بطور ویٹا (VITA) یعنی رضاکارانہ معاون ادارے کے طور پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز بیتھ ایونیو پر واقع اپنا کے دفتر میں تلاوتِ کلامِ پاک سے باضابطہ افتتاح کیا گیا۔اپنا کمیونٹی سینٹر کی شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ارم حنیف نے شرکاء کو ٹیکس فائلنگ کے طریقہ کار اور نئی شروع کی گئی سہولت ویٹا کے بارے میں بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس آٹھ زبانوں میں مہارت رکھنے والے ماہرین پر مشتمل ٹیم ہے جو بغیر کسی فیس کے کم آمدن کے حامل افراد کو ٹیکس فائلنگ میں معاونت فراہم کرے گی۔افتتاحی تقریب میں آئے افراد کو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی اہمیت و افادیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ارم حنیف کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس فائلنگ کے لیے آئی آر ایس کی تمام مطلوبہ معلومات پر مشتمل ضروری دستاویزات لازمی ساتھ لائیں۔ اس سہولت سے امیگرنٹ کمیونٹی کو ان کا جائز ٹیکس کریڈٹ حاصل کرنے میں بہت مدد ملے گی۔تقریب میں کونسل ممبر سوزین زوہانگ سمیت دیگر امریکی آفیشلز بھی شریک ہوئے۔ مقررین نے اپنا کی بلا تفریق رنگ و نسل کمیونٹی سروسز کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں تارکینِ وطن کو کئی چیلنجز اور مشکلات کا سامنا ہے، ایسے میں یہ سہولت کسی نعمت سے کم نہیں۔یہ سہولت صرف نیویارک سٹی میں مقیم افراد کے لیے نہیں بلکہ ریاست بھر سے کم آمدن اور اہل افراد بھی اس سے مستفید ہو سکتے ہیں۔