vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک سٹی حکومت میں اہم تبدیلیاں، میئر ممدانی نے نئے کمشنرز مقرر کر دیے

0

میئر زوہران ممدانی نے نیویارک سٹی کی تین اہم سرکاری ایجنسیوں کے لیے نئے کمشنرز کی تقرری کا اعلان کر دیا ہے۔ ان تقرریوں کے تحت شرن گڈون کو محکمہ پروبیشن، یومے کیتاسی کو ڈیپارٹمنٹ آف سٹی وائیڈ ایڈمنسٹریٹو سروسز (DCAS) اور لیزا گارشیا کو محکمہ ماحولیاتی تحفظ (DEP) کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

میئر کے مطابق یہ تقرریاں ایک سستا، منصفانہ اور قابلِ رسائی شہر بنانے کے وژن کا حصہ ہیں۔شرن گڈون 37 برس سے محکمہ پروبیشن سے وابستہ رہی ہیں اور انہیں فوجداری انصاف کے نظام میں اصلاحات، نوجوانوں اور زیر نگرانی افراد کی بحالی، تعلیم اور روزگار سے جوڑنے جیسے پروگرامز متعارف کرانے پر قومی سطح پر سراہا گیا۔ وہ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر سمیت مختلف اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عوامی تحفظ اور ہمدردی ایک دوسرے کی ضد نہیں بلکہ ساتھ ساتھ چلنے والی ذمہ داریاں ہیں۔یومے کیتاسی کو شہری انتظامی امور، سرکاری املاک، بھرتیوں اور خریداری کے نظام کی نگرانی کرنے والے محکمے DCAS کی قیادت سونپی گئی ہے۔ وہ مختلف میئرل انتظامیہ میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر کام کر چکی ہیں اور شہری حکومت کے انتظامی ڈھانچے کو جدید بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ شہری رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ سرکاری نظام کو مؤثر اور عوام دوست بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔لیزا گارشیا، جو ماحولیاتی قانون اور ماحولیاتی انصاف کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں، کو DEP کی سربراہی دی گئی ہے۔ وہ اس سے قبل امریکی ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) میں علاقائی ایڈمنسٹریٹر رہ چکی ہیں اور ماحولیاتی آلودگی، صاف پانی اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات میں اہم کردار ادا کر چکی ہیں۔ ان کی تقرری کو ماحولیاتی انصاف کے لیے مضبوط قدم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ شہر میں پانی، سیوریج اور بنیادی ڈھانچے کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی توقع بھی ظاہر کی جا رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.