vosa.tv
Voice of South Asia!

برفانی طوفان سے نظام زندگی مفلوج، لاکھوں گھروں کی بجلی بند

0

امریکا میں آنے والے شدید برفانی طوفان نے ملک کے مختلف حصوں میں تباہی مچا دی ہے، جہاں اب تک 40 سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں جبکہ لاکھوں افراد تاحال بجلی سے محروم ہیں۔

خبر رساں دارے دی گارجین کے مطابق شدید برفباری شمال مشرقی ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہے جبکہ جنوبی علاقوں میں برفانی بارش اور جما دینے والی سردی نے معمولات زندگی مفلوج کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق منگل کی صبح تک ملک بھر میں تقریباً پانچ لاکھ پچاس ہزار بجلی کے کنکشن منقطع تھے، جن میں زیادہ تر جنوبی ریاستیں شامل ہیں۔ریاست ٹیکساس میں تین کم عمر بھائی برف جمی ہوئی جھیل میں گر کر جان کی بازی ہار گئے۔ بچوں کی ماں نے انہیں بچانے کی کوشش کی مگر شدید سردی اور برفانی پانی کے باعث کامیاب نہ ہو سکیں۔ نیویارک سٹی میں بھی برفانی موسم کے دوران آٹھ افراد کھلے مقامات پر مردہ پائے گئے۔ دیگر ریاستوں میں برف ہٹانے والی گاڑیوں کے نیچے آ کر ہلاکتیں، برف پر پھسلنے کے واقعات اور شدید سردی سے اموات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔برف کی موٹی تہہ، جو بعض علاقوں میں ایک فٹ سے بھی زیادہ ہے، نے سڑکوں کو بند، پروازوں کو منسوخ اور اسکولوں کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق مزید قطبی ہوائیں داخل ہونے سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی نیچے رہنے کا امکان ہے اور مشرقی ساحلی علاقوں میں ایک اور طوفان آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ ریاستوں میں ہنگامی پناہ گاہیں قائم کی جا رہی ہیں جہاں کمبل، پانی اور جنریٹر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ کئی شہروں میں ہوٹل مکمل بھر چکے ہیں کیونکہ لوگ بغیر بجلی کے ٹھنڈے گھروں سے نکلنے پر مجبور ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ بجلی کی مکمل بحالی میں کئی دن لگ سکتے ہیں جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.