vosa.tv
Voice of South Asia!

اوورسیز پاکستانیوں کا بڑا فلاحی قدم، یتیم بچوں کے لیے تین لاکھ ڈالر جمع

0

نیو جرسی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ایک باوقار فنڈ ریزنگ تقریب منعقد ہوئی جس کا مقصد پاکستان میں ایک بڑے یتیم خانے کے قیام کے لیے وسائل جمع کرنا تھا۔

تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی اور تین لاکھ ڈالر سے زائد عطیات اکٹھے کیے گئے۔ منتظمین کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے اجتماعی طور پر اس نوعیت کے بڑے فلاحی منصوبے کے لیے پیش قدمی کی ہے، جس کا مقصد یتیم بچوں کی کفالت، تعلیم اور تربیت کو منظم انداز میں یقینی بنانا ہے۔تقریب کی نظامت منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر آپریشنز سیدنجم اور مریم ظفر نے کی۔ پروگرام کا آغاز امام طارق علوی کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جبکہ مظہر علوی نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ شرکاء کو ایک ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا، جن میں سیکڑوں تعلیمی اداروں کا قیام، لاکھوں طلبہ کو اسکالرشپس، صاف پانی کے ہزاروں منصوبے، فوڈ کیمپس، یتیم بچوں کی کفالت اور غزہ میں انسانی امداد شامل ہیں۔صدر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مقصود قادری نے آرفن کیئر کمپلیکس کے قیام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ یتیم بچوں کو رہائش، تعلیم اور بہتر مستقبل فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہوگا۔ اس موقع پر ادارے کے زیر کفالت طلبہ کے پیغامات بھی پیش کیے گئے۔ سیدنجم نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے لیے ادارے کی خدمات پر پریزنٹیشن دی جبکہ مختلف علمائے کرام نے قرآن و حدیث کی روشنی میں یتیموں کی کفالت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔مہمانِ خصوصی ڈاکٹر انعام الحق نے منصوبے کو دل کے قریب قرار دیتے ہوئے عملی تعاون کا اعلان کیا جبکہ ڈاکٹر فاخرہ نے عطیات بڑھانے کی اپیل کی۔ قاری امام غلام رسول نے اسے تاریخی فلاحی اقدام قرار دیا۔ عدنان سہیل نے منصوبے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ آرفن ہاؤس کی تعمیر کے لیے مختلف شخصیات اور اداروں کی جانب سے نمایاں عطیات کا اعلان کیا گیا، جن میں بیس ہزار، پچیس ہزار اور دس ہزار ڈالر کی امداد شامل ہے۔ تقریب کے اختتام پر اجتماعی دعا کی گئی جبکہ شرکاء کے لیے قوالی نائٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.