نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی اور نیویارک سٹی پبلک اسکولز کے چانسلر کمار ایچ سیموئلز نے اعلان کیا ہے کہ پیر کو ایک روزہ آن لائن کلاسز کے بعد شہر بھر کے تمام سرکاری اسکول منگل 27 جنوری سے دوبارہ معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔
میئر ممدانی کے مطابق شہر کے عملے نے پانچوں بورو میں سڑکوں کی صفائی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مسلسل کام کیا، جبکہ اساتذہ اور طلبہ نے پیر کے روز آن لائن پلیٹ فارمز پر تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول سہولیات کے عملے نے دن رات محنت کر کے عمارتوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے تیار کر لیا ہے اور اب طلبہ و عملہ کلاس رومز میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔اسکولز چانسلر سیموئلز نے کہا کہ مشکل وقت میں کمیونٹیز نے مل کر حالات کا مقابلہ کیا۔ ان کے مطابق عملے نے اسکولوں کے داخلی راستوں سے برف صاف کی، عمارتوں میں حرارتی نظام کو مؤثر بنایا اور طلبہ کے استقبال کی تیاری مکمل کی۔ انہوں نے آن لائن تعلیم کو کامیاب بنانے میں اساتذہ، والدین اور طلبہ کے تعاون کو سراہا۔حکام کے مطابق پیر کو ریموٹ لرننگ کا فیصلہ طلبہ اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تعلیمی تسلسل برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا تھا۔ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق تقریباً تین لاکھ پچھتر ہزار طلبہ اور والدین نے آن لائن کلاسز میں لاگ اِن کیا، جنہیں ایک لاکھ پچیس ہزار سے زائد اساتذہ کی معاونت حاصل رہی۔ مختلف سرکاری اداروں کے باہمی تعاون سے طلبہ کو ضروری آلات اور انٹرنیٹ سہولت فراہم کی گئی، جس کے باعث منگل سے اسکولوں کی بحالی ممکن ہو سکی۔