vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا میں شدید برفانی طوفان،کم از کم 30 اموات

0

امریکا شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہے جس کے نتیجے میں اب تک کم از کم 30 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ ٹیکساس سے نیو انگلینڈ تک تقریباً 20 کروڑ افراد کو خطرناک سردی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے دی گارجین کے مطابق برفباری، یخ بستہ ہواؤں اور درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور سفری نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔مختلف ریاستوں میں موسم سے متعلق افسوسناک واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ٹیکساس میں ایک 16 سالہ لڑکا برف پر پھسلنے کے حادثے میں جان سے گیا جبکہ آسٹن کے قریب ایک شخص ہائپوتھرمیا کے باعث مردہ پایا گیا۔ لوزیانا، مسیسیپی اور آرکنساس میں بھی برفانی حادثات میں کئی اموات ہوئیں، جب کہ نیویارک شہر میں آٹھ افراد کو کھلے مقامات پر مردہ حالت میں پایا گیا۔ ماہرین کے مطابق زیادہ تر اموات شدید سردی، سڑک حادثات اور ہائپوتھرمیا کے باعث ہوئیں۔نیشنل ویدر سروس نے خبردار کیا ہے کہ مشرقی اور وسطی امریکا میں منفی درجہ حرارت اور یخ بستہ ہواؤں کی شدت برقرار رہ سکتی ہے اور یہ صورتحال فروری کے اوائل تک جاری رہنے کا خدشہ ہے۔ طوفان کے باعث بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے اور خصوصاً جنوبی ریاستوں میں چھ لاکھ ستر ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ ٹوٹے درختوں اور گرنے والی بجلی کی تاروں کی مرمت کے لیے اضافی عملہ تعینات کیا جا رہا ہے۔تعلیمی ادارے اور عوامی مقامات بھی بند کیے جا رہے ہیں۔ متعدد ریاستوں میں اسکول بند رہے جبکہ کچھ جامعات نے تعلیمی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔ نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی میں لائبریریاں، میوزیمز اور دیگر عوامی ادارے بھی بند رہے۔ پروازوں کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے، اتوار کو دس ہزار سے زائد اور پیر کو تقریباً پانچ ہزار پروازیں منسوخ کی گئیں۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور گھروں میں رہ کر احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.